تلنگانہ انٹر میڈیٹ امتحان: ’حکومت کی ناکامی کے نتیجہ میں 18 طلبا کی خود کشی‘

صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحان مناسب طور پر منعقد کرنے میں ٹی آر ایس حکومت کی یکسر ناکامی کے نتیجہ میں 18 طلبا کو اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانی نتائج کی اجرائی میں مبینہ بے قاعدگیوں کا معاملہ ریاستی حکومت کے لیے پریشان کن ثابت ہو رہا ہے کیونکہ اس معاملہ میں کئی طلبا نے خودکشی کی ہے جس کے لیے اپوزیشن حکومت کو ذمہ دار قرار دے رہی ہے۔

انٹرمیڈیٹ امتحانات میں تقریباً 9 لاکھ طلبا نے شرکت کی تھی۔ گذشتہ جمعرات (18 اپریل) کو نتائج جاری کیے گئے جس کے بعد سے ہی یہ نتائج تنازعات کا شکار ہوگئے۔ سال اول کے امتحانات میں بہتر مظاہرہ کرنے والے کئی ذہین طلبا سال دوم کے امتحانات میں ناکام قرار دیئے گئے۔ کئی طلبا کو تو صفر نشان دیا گیا جب کہ چند طلبا کو ایک یا دو نشانات ہی دیئے گئے۔

صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ امتحان مناسب طور پر منعقد کرنے میں ٹی آر ایس حکومت کی یکسر ناکامی کے نتیجہ میں 18 طلبا کو اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ اتم کمارریڈی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس مسئلہ پرفوری طور پر وزیر تعلیم کو برطرف کیا جائے اور جوابی پرچوں کی فوری جانچ کروائی جائے۔

ادھر حیدرآباد میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے دفتر کے سامنے طلبا اور والدین کا احتجاج لگاتار جاری ہے۔ طلبا تنظیموں، مختلف سیاسی جماعتوں اور والدین کے احتجاج کے پیش نظر بھاری تعداد میں پولس اہلکاروں کو وہاں تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح کی صورتحال گزشتہ تین دنوں سے جاری ہے۔ بیشتر والدین نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ می سیواسنٹرس میں آن لائن مسائل کے سبب بورڈ کی ویب سائٹ کھل نہیں رہی ہے۔ اس پروضاحت کے لئے یہ والدین بڑی تعداد میں بورڈ کے دفتر پہنچ رہے ہیں۔

طلبا اور ان کے سرپرستوں نے انٹرمیڈیٹ سال اول اور دوم کے امتحانات میں شرکت کرنے والے امیدواروں سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ یہاں آنے والے والدین اور طلبا نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ دفتر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پر بڑی تعداد میں پولس اہلکار متعین کردیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کودفتر کے اندر جانے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے وہ جوابی کاپیوں کی دوبارہ جانچ کی درخواستیں بھی داخل نہیں کر پا رہے ہیں۔ طلبا نے شکایت کی کہ حتی کہ وہ آن لائن درخواستیں بھی داخل کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ بورڈ کی ویب سائٹ کام نہیں کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔