کثیر ملکی کمپنیوں کی جدوجہد کے باوجود اردو جاننے والے امیدوار دستیاب نہیں ہو پا رہے!

اس اہم ضرورت کی تکمیل کے لئے اردو اکیڈیمی ان ملٹی نیشنل کمپنیز بشمول فیس بک اور گوگل کے اشتراک سے عنقریب ایک جاب میلے کا اہتمام کرے گی۔

اردو زبان
اردو زبان
user

یو این آئی

حیدرآباد: کئی ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اردو تعلیم یافتہ افراد کے لئے ملازمتیں مخلوعہ ہیں۔ ان کمپنیوں کو اردو کے کنٹینٹ رائٹرس و اردو جاننے والے دیگر عہدہ داروں و ملازمین کی ضرورت ہے اور انھیں کافی جدوجہد کے باوجود اس طرح کے امیدوار دستیاب نہیں ہیں۔

اس اہم ضرورت کی تکمیل کے لئے اردو اکیڈیمی ان ملٹی نیشنل کمپنیز بشمول فیس بک اور گوگل کے اشتراک سے عنقریب ایک جاب میلے کا اہتمام کرے گی۔ یہ اعلان ڈائریکٹر/سکریٹری اردو اکیڈیمی ڈاکٹر محمد غوث نے کیا۔ وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں فروغ اردو اور کووڈ۔19 ٹیکہ اندازی کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔


اس موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد کے اقلیتی زیرانتظام اداروں سے رجوع ہوتے ہوئے ان اسکولوں میں اردو بحیثیت زبان اول کی لازمی تعلیم کے لئے مشاورت کی جائے اور اردو تعلیم دینے والے اسکولوں کو اردو ٹیچرس فراہم کئے جائیں یا اردو ٹیچرس کے لئے مشاہرہ کا انتظام کیا جائے۔ اس تجویز پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد غوث نے یقین دہانی کروائی کہ نئے صدرنشین کے انتخاب کے بعد بورڈ آف گورنرس میں اس تجویز پر غور کیا جائے گا۔

انھوں نے طلبہ اور اولیائے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے خوف زدہ نہ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ قوت مدافعت اور نفسیاتی مضبوطی وائرس سے نمٹنے کے لئے ویکیسن جیسا کام کرسکتی ہیں۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ باڈی بلڈر میر محتشم علی خان نے طلبہ سے کہا کہ وہ محنت کے ذریعہ ہر مقصد حاصل کرسکتے ہیں۔


انھوں نے بچوں سے کہا کہ وہ اپنے ماں باپ کی خدمت کریں اور ان کی دعائیں لیں، تب ہی وہ کامیابی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بعض حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے طلبہ سے کہا کہ وہ سگریٹ، گٹکھا، ڈرگس جیسی لعنتوں کے قریب بھی نہ جائیں جن سے ان کی زندگی برباد ہوسکتی ہے۔

ممتاز قاری نصیر الدین منشاوی نے اپنی قرأت سے سماں باندھ دیا۔ ماہر امراض جلد ڈاکٹر غلام عباس نے صدارت کی۔ صدر نشین ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس اور ڈاکٹر غلام عباس نے مہمانوں میں گلدستے تقسیم کئے۔ ٹیکہ اندازی کیمپ سے سینکڑوں اولیائے طلبہ، سابق طلبہ‘ مقامی افراد اور دیگر نے استفادہ کیا۔ ڈپٹی ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر برجس النساء نے مفت ٹیکہ اندازی کیمپ کے اہتمام میں اہم کردار ادا کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */