کورونا وائرس: سعودی عرب میں فاصلاتی تدریس کے سات ہفتے

اپریل میں سعودی وزیر تعلیم نے کہا تھا کہ فاصلاتی تدریس بالآخر سعودی عرب کے لیے ایک تزویراتی انتخاب ہوسکتی ہے اور یہ کورونا وائرس کے بحران کا عرصہ گزرنے کے بعد صرف ایک متبادل نہیں رہے گی

الریاض میں زیر تعلیم غیر ملکی طالب علم اپنے گھر پڑھتے ہوئے، فائل تصویر
الریاض میں زیر تعلیم غیر ملکی طالب علم اپنے گھر پڑھتے ہوئے، فائل تصویر
user

قومی آوازبیورو

سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں نئے تعلیمی سال کے دوران میں پہلے سات ہفتے تک طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے بعد ان کے اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سعودی عرب کی وزارتِ تعلیم نے ہفتے کے روز مستقبل قریب میں اسکول کھولنے کے بارے میں یہ اعلان کیا ہے۔سعودی حکومت نے مملکت بھر میں کورونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 9 مارچ کو تمام اسکول ، جامعات اور دوسرے تعلیمی ادارے بند کردیے تھے۔ تب سے طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریسی سرگرمیاں جاری ہے۔

اپریل میں سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے کہا تھا کہ فاصلاتی تدریس بالآخر سعودی عرب کے لیے ایک تزویراتی انتخاب ہوسکتی ہے اور یہ کورونا وائرس کے بحران کا عرصہ گزرنے کے بعد صرف ایک متبادل نہیں رہے گی۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے سعودی وزیر تعلیم خود ورچوئل اسکولوں اور فاصلاتی تدریس کے انتظام کی نگرانی کررہے ہیں۔


سعودی عرب میں حالیہ دنوں میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔سعودی وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز میں 1413 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اس طرح سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد 297315 ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کا شکار مزید 31 مریض وفات پاگئے ہیں، جس کے بعد سعودی عرب میں کووِڈ-19 سے اموات کی تعداد 3369 ہوگئی ہے۔

(بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */