اے ایم یو کے مختلف شعبے اور فیکلٹیاں اعلیٰ مقام پر: انڈیا ٹوڈے-ایم ڈی آر اے کا سروے

اے ایم یو کی قانون فیکلٹی کو تمام سرکاری قانونی تعلیم کے کالجوں کے درمیان بیسٹ ویلیو آف منی کی بنیاد پر اوّل، سب سے کم ٹیوشن فیس کی بنیاد پر اوّل اور تمام یونیورسٹیوں کے درمیان آٹھواں مقام دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

علی گڑھ: ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی درجہ بندی میں معروف ادارے ’انڈیا ٹوڈے- ایم ڈی آر اے رینکنگ سروے‘ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مختلف شعبوں اور فیکلٹیوں کو اپنے 2019 کے سروے میں اعلیٰ مقام عطا کیا ہے۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی قانون فیکلٹی کو تمام سرکاری قانونی تعلیم کے کالجوں کے درمیان بیسٹ ویلیو آف منی کی بنیاد پر اوّل، سب سے کم ٹیوشن فیس کی بنیاد پر اوّل اور تمام لاء کالجوں اور یونیورسٹیوں کے درمیان آٹھواں مقام دیا ہے جبکہ سوشل ورک شعبہ کو سب سے کم ٹیوشن فیس کی بنیاد پر اوّل، کیمپس پلیسمنٹ میں اونچی شرح تنخواہ پانے کی بنیاد پر اوّل اور ملک کے تمام سوشل ورک کے تعلیمی شعبوں کے درمیان گیارہواں مقام دیا گیا ہے۔


یونیورسٹی کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کو اٹھارہواں مقام دیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج کو سب سے کم ٹیوشن فیس کی بنیاد پر سبھی ڈینٹل کالجوں کے درمیان اوّل مقام دیا گیا ہے۔ ذاکر حسین کالج برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو پیسہ کی بہترین قدر اور سب سے کم ٹیوشن فیس کی بنیاد پر ملک کے تمام انجینئرنگ کالجوں کے درمیان سولہویں مقام پر رکھا گیا ہے جبکہ آرکیٹیکچر شعبہ کو ملک میں 13واں مقام حاصل ہوا ہے۔

لائف سائنس فیکلٹی کو ملک کے ممتاز سائنس کالجوں کے درمیان 41 واں مقام حاصل ہوا ہے جبکہ فیکلٹی آف آرٹس کو آرٹس کالجوں کے درمیان 44 واں، ماس کمیونیکیشن شعبہ کوسب سے کم ٹیوشن فیس کی بنیاد پر دوسرا اور ملک کے 35ماس کمیونیکیشن اداروں کے درمیان 15واں جبکہ کامرس شعبہ کو58 واں مقام دیا گیا ہے۔


علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے رینکنگ کے سلسلہ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا زور اختراعی صلاحیتوں کے فروغ اور تحقیق پر ہے اوریونیورسٹی میں بنیادی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی آنے والے وقتوں میں ترقی کے نئے منازل طے کرے گی۔

یونیورسٹی رینکنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر ایم سالم بیگ نے یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی کوششوں اور تعاون سے ادارے کی تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں میں بڑی حد تک اضافہ ہوا ہے اور ملک کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان اس کی رینکنگ میں بہتری واقع ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔