علی گڑھ: ویمنس کالج میں نو منتخب طالبات یونین کی حلف برداری
نومنتخب صدر نَبا نسیم نے کہاکہ الیکشن میں انسان یا تو جیتتا ہے یا سیکھتا ہے، یونین سب کو ساتھ لے کر چلے گی جبکہ نائب صدر ندا اکرم نے کہا کہ تمام اختلافات کو بھلاکر ایک ٹیم کی طرح کام کیا جائے گا۔

علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ویمنس کالج کی نومنتخب طالبات یونین کی حلف برداری تقریب کالج آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فتح و شکست سے زیادہ اہم مقابلوں میں شرکت کرنا ہوتا ہے، ناکام ہونا کامیابی کا پہلا پائیدان ہوتا ہے ، سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رہتا ہے، فتح و شکست انسان کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کامیاب ہونے والوں کو بھی تنقید کو مثبت انداز میں لینا چاہئے، کالج طالبات کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرانے کی ممکنہ کوششیں کی جائیں گی ۔
وائس چانسلر نے کہاکہ طالبات کی رائے اور ان کا ردّ عمل ملنے سے نظام کو درست بنانے میں مدد ملتی ہے۔ انھوں نے طالبات یونین کی عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصو رنے عبداللہ ہال میں 80؍لاکھ روپئے کی لاگت سے جدیدکاری اور ویمنس کالج میں 70لاکھ روپئے کی رقم سے آڈیٹوریم کی جدید کاری وغیرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ طالبات کو طبی سہولیات، ایمبولینس، مِنی بس کی فراہمی اور میڈیکل آفیسر کی تقرری کے مطالبات پر بھی سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جائے گا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ویمنس کالج جلد ہی قومی سطح پر نمبر ایک ادارہ بن جائے گا۔
اس سے قبل حلف برداری تقریب کا آغاز طوبیٰ نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔نومنتخب طالبات یونین کی صدر نَبا نسیم، نائب صدر ندا اکرم، سکریٹری فبِہا احمد ، سینئر کیبنٹ ممبر ارشیہ خاں اور دیگر اراکین کی گل پوشی کی رسم پرنسپل پروفیسر نعیمہ گلریز،وائس چانسلر کی اہلیہ ڈاکٹر حمیدہ طارق، پروفیسر حنا پرویز اور وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور کے بدست مکمل ہوئی۔ عہدیداران کو وائس چانسلر نے حلف دلایا۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ شخصیت کی تعمیر کے لئے طالبات سبھی مقابلوں میں شرکت کریں لیکن اعلیٰ تعلیم کا حصول ان کا اصل مقصد ہونا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ خواب دیکھیں اور اُڑان اونچی رکھیں۔
پرنسپل پروفیسر نعیمہ گلریز نے توقع ظاہر کی کہ نئی یونین تعمیری کاز کے لئے مثبت انداز میں کام کرے گی۔ انھوں نے طالبات کو اپنی تعلیم کی طرف توجہ مرکوز رکھنے کی تلقین کی۔الیکشن آفیسر پروفیسر حنا پرویز نے نومنتخب یونین عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یونین طالبات اور کالج کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے گی۔
طالبات یونین کی نومنتخب صدر نَبا نسیم نے کہاکہ الیکشن میں انسان یا تو جیتتا ہے یا سیکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یونین سب کو ساتھ لے کر چلے گی۔ نائب صدر ندا اکرم نے کہا کہ تمام اختلافات کو بھلاکر ایک ٹیم کی طرح کام کیا جائے گا اور طالبات کو اسٹیج کے خوف سے باہر نکالنے کے لئے شخصیت سازی کی طرف توجہ مرکوز کی جائے گی۔
سکریٹری فبِہا احمد نے کہا کہ ہم پر بڑی ذمہ داری عائد ہوئی ہے، مل جل کر مسائل کے حل تلاش کئے جائیں گے۔ پروگرام میں سبھی عہدیداران نے اپنی طرف سے مختلف مطالبات پیش کئے۔ اس موقع پروائس چانسلر کی اہلیہ محترمہ ڈاکٹر حمیدہ طارق، پرووسٹ عبداللہ ہال پروفیسر زیبا شیریں وغیرہ بطور خاص موجود رہیں۔ نظامت کے فرائض پروفیسر رومانہ صدیقی نے انجام دئے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔