نیٹو نے توپ کے دو لاکھ سے زائد گولے خریدنے کا معاہدہ کرلیا

اس تازہ ترین دفاعی سودے کے تحت نیٹو نے فرانسیسی فرم نیکسٹر اور جرمنی کی یونگ ہانس مائیکروٹیک کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

نیٹو نے توپ کے دو لاکھ سے زائد گولے خریدنے کا معاہدہ کرلیا
نیٹو نے توپ کے دو لاکھ سے زائد گولے خریدنے کا معاہدہ کرلیا
user

Dw

اس فوجی اتحاد کو روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کرنے کی وجہ سے گولہ بارود کی کمی کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے۔ نیٹو ممالک مارچ تک کییف کو توپ خانے کے 10 لاکھ گولوں کی فراہمی کے ہدف سے بھی کافی پیچھے ہے۔مغربی فوجی اتحاد نیٹو نے 155 ملی میٹر قُطر کے دو لاکھ سے زائد توپ کے گولوں کی خریداری کے لیے 1.2 بلین ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ نیٹو کے رکن ممالک روس کے خلاف جنگ میں یوکرینی فوج کی مدد کے لیے بھاری گولہ بارود کی کھیپ بھجوانے کے بعد اپنے ذخائر ختم کر چکے ہیں۔

منگل کے روز کے گئے اس تازہ ترین دفاعی سودے کے تحت نیٹو نے فرانسیسی فرم نیکسٹر اور جرمنی کی یونگ ہانس مائیکروٹیک کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ حکام کا اندازہ ہے کہ تقریباً 220,000 توپ کے گولے حاصل کیے جائیں گے اور نیٹو کے ارکان کو ان کی ترسیل 2025ء کے آخر میں شروع ہو جائے گی۔


نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہمارے اتحادی اپنے گولہ بارود کے ذخائر کو دوبارہ بھریں کیونکہ ہم یوکرین کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ امریکی قیادت والے اتحاد نے گزشتہ سال دفاعی پیداوار کو بڑھانے کے لیے ایک منصوبہ شروع کیا تھا اور اس کے بعد سے تقریباً 10 بلین ڈالر مالیت کے گولہ بارود کی خریداری کے مشترکہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

ان میں یورپ میں تیار کردہ ایک ہزار پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس میزائلوں کی خریداری کا معاہدہ بھی شامل ہے جس پر گزشتہ ماہ دستخط ہوئے تھے۔ یورپی یونین نے بھی دفاعی پیداوار بڑھانے کے لیے اپنی کوششیں شروع کی ہیں لیکن 27 ممالک کا یہ اتحاد مارچ تک کییف کوتوپ خانے کے لیے 10 لاکھ گولوں کی فراہمی کے ہدف سے ابھی بہت پیچھے ہے۔


نیٹو کی جا نب سے اپنے گولہ بارود کے اسٹاک کو دوبارہ بھرنے اور پیداوار کو بڑھانے کا دباؤ اس وقت سامنے آیا ہے، جب امریکہ کی جانب سے یوکرین کے لیے مستقبل میں بھی حمایت جاری رکھنے کے معاملے پر شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں۔ اسٹولٹن برگ نے اصرار کیا کہ کییف کے حامی ''یوکرین کی ان سسٹمز، ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ساتھ مدد کریں گے، جو اسے ایک خود مختار ملک کے طور پر غالب آنے کے لیے درکار ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ فوجی اتحاد کو فی الحال ''نیٹو کے کسی اتحادی کے خلاف کوئی براہ راست یا بالواسطہ خطرہ نظر نہیں آتا۔‘‘ نیٹو نے ماسکو کو کسی بھی جارحیت سے باز رکھنے کے لیے اپنے مشرقی دفاع کو بڑھا دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔