امریکی صدر کے طیارے سے سامان چرانے والے صحافیوں کو وارننگ

طیارے کا عملہ بالعموم انہیں صدارتی مہر والے ایم اینڈ ایم کی چاکلیٹ کے چھوٹے پیکٹ تحفے کے طورپر تقسیم کرتا ہے۔

امریکی صدر کے طیارے سے سامان چرانے والے صحافیوں کو وارننگ
امریکی صدر کے طیارے سے سامان چرانے والے صحافیوں کو وارننگ
user

Dw

وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر کے ساتھ سفر کرنے والے صحافیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ خصوصی طیارے سے سامان چرانا بند کریں۔ ایئرفورس ون سے صدارتی مہر والے تکیے سے لے کر گلاس اور خوبصورت پلیٹیں تک اکثر چوری ہوتی رہتی ہیں۔وائٹ ہاوس کے نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن نے اپنے اراکین کو ایک ای میل کے ذریعہ تنبیہ کی ہے کہ ہوائی جہاز سے اشیاء لے جانا منع ہے۔ ایسوسی ایشن نے اراکین کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ صحافیوں نے امریکی صدر کے خصوصی طیارے ایئر فورس ون کے پریس کیبن سے جو اشیاء سووینیئر کے طورپر چرائی ہیں، ان پر کسی کا دھیان نہیں گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ایئر فورس ون سے چوری کرنا بند کریں۔

یہ معاملہ اس وقت نمایاں طورپر سامنے آیا جب فروری میں امریکی صدر جو بائیڈن کے امریکی ویسٹ کوسٹ کے دورے کے بعد ایئر فورس فون کے اشیاء کی جانچ پڑتال کی گئی تو پتہ چلا کہ اس کے پریس سیکشن سے کئی چیزیں غائب ہیں۔


فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس انکشاف پر واشنگٹن سے شائع ہونے والے جریدے 'پولیٹیکو' نے لکھا ہے،"برسوں سے، درجنوں صحافی اور دیگر بڑی خاموشی کے ساتھ صدارتی مہر کندہ والے گلاس سے لے کر پلیٹیں اور دیگر اشیاء تک ایئرفورس سے اترنے سے پہلے بڑی خاموشی سے اپنے بیگ میں رکھ لیتے تھے۔"

چرائے گئے پلیٹوں میں ضیافت

پولیٹیکو کے مطابق دلچسپ بات یہ ہے کہ صحافی جب اپنے بیگ لے کر طیارے سے اترتے تھے تو شیشے کے برتنوں کے ٹکرانے کی آوازیں بھی بیگ سے آیا کرتی تھیں۔ لیکن انتہاء تو اس وقت ہوگئی جب ایک معروف اخبار سے وابستہ وائٹ ہاوس کے ایک سابق نامہ نگار نے اپنے ساتھیوں کے لیے جب ایک ڈنر پارٹی کا اہتمام کیا تو اس میں جن پلیٹوں میں کھانے پیش کیے گئے ان سب پر ایئر فورس ون کی مہر لگی ہوئی تھی۔ پولیٹیکو کے مطابق "سنہری نقاشی والے یہ پلیٹ کئی برسوں کے دوران چرائے گئے تھے۔"


رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نامہ نگاروں کی ایسوسی ایشن کی جانب سے شدید تنقید پر کم از کم ایک صحافی نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدہ کاری والا تکیہ، جسے اس نے چرایا تھا، وائٹ ہاوس کے ایک اہلکار کو واپس لوٹا دیا۔امریکی صدر جب اپنے خصوصی طیارے ایئر فورس ون میں سفر کرتے ہیں تو ان کے ساتھ بالعموم 13صحافی بھی موجود ہوتے ہیں۔ جن کی نشستیں طیارے کے عقبی حصے میں ہوتی ہیں۔ طیارے کا عملہ بالعموم انہیں صدارتی مہر والے ایم اینڈ ایم کی چاکلیٹ کے چھوٹے پیکٹ تحفے کے طورپر تقسیم کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔