سری لنکن ایئرلائن کا طیارہ تین روز تک گراؤنڈڈ رہا، وجہ ایک چوہا

سری لنکن وزیر نے کہا کہ چوہا قرضوں کے بوجھ تلے دبی اس ایئر لائن کو سنبھالنے میں دلچسپی رکھنے والے "چند سرمایہ کاروں" کو ڈرانے کا سبب بن سکتا ہے۔

سری لنکن ایئرلائن کا طیارہ تین روز تک گراؤنڈڈ رہا، وجہ ایک چوہا
سری لنکن ایئرلائن کا طیارہ تین روز تک گراؤنڈڈ رہا، وجہ ایک چوہا
user

Dw

اس چوہے کو لاہور سے اُڑان بھرنے والی سری لنکن ایئر لائنز کی ایئربس A330 میں دیکھا گیا تھا، جس کے بعد طیارے کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اس چوہے نے جہاز کے کسی اہم حصے کو کتُر نہ دیا ہو۔سری لنکا کی قومی ایئر لائن نے اپنے ایک طیارے کے تین دن تک گراؤنڈڈ رہنے، یعنی پرواز نہ کرنے کا ذمہ دار ایک چوہے کو قرار دیا ہے۔

سری لنکن ایئر لائنز نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اُسے طیارے میں موجود ایک چوہے کی وجہ سے تین روز تک اسے گراؤنڈڈ رکھنا پڑا۔ نتیجتاً پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا اور پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس چوہے کو جمعرات کو پاکستانی شہر لاہور سے اڑان بھرنے والی سری لنکن ایئر لائنز کی ایئربس A330 میں دیکھا گیا تھا، جس کے بعد طیارے کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ اس چوہے نے جہاز کے کسی اہم حصے کو کتُر نہ دیا ہو۔


اس واقعے کے حوالے سے ایک سری لنکن ایئر لائنزکے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس طیارے کی پروازیں اب دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں، لیکن اس کے گراؤنڈ ہونے سے ایئر لائن کے پورے شیڈول پر اثر پڑا۔ ان کا مزید کہنا تھا، ''طیارے کولمبو میں تین دن کے لیے گراؤنڈ کیا گیا تھا۔" انہوں نے کہا کہ اسے اس بات کو یقینی بنائے بغیر نہیں اڑایا جا سکتا تھا کہ اب بھی وہ چوہا اس میں موجود ہے یا نہیں اور "آخر کار وہ چوہا مردہ پایا گیا"۔

اس واقعے کے بعد مالی مشکلات کی شکار سری لنکا ائیر لائن کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کے باعث سرمایہ کاروں کی طرف سے بھی خدشہ ہے کہ وہ اب اس ایئر لائن میں سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہیں گے۔ سری لنکن ایئر لائنز کو مارچ 2023ء کے آخر میں 1.8 بلین ڈالر سے زیادہ کا مالی خسارہ ہوا تھا اور اس کی فلیٹ میں شامل کل 23 طیاروں میں سے تین طیارے ایک سال سے زیادہ عرصے سے گراؤنڈڈ ہیں۔ اس ایئیر لائن کے پاس انجنوں کی اوور ہالنگ کی ادائیگی کے لیے بھی رقم نہیں ہے۔


اب جمعرات کو اس کے ایک طیارے میں چوہے کی موجودگی کے بعد سری لنکا کے وزیر برائے ایوی ایشن نیمل سریپالا ڈی سلوا نے صحافیوں کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ یہ چوہا قرضوں کے بوجھ تلے دبی اس ایئر لائن کو سنبھالنے میں دلچسپی رکھنے والے "چند سرمایہ کاروں" کو ڈرانے کا سبب بن سکتا ہے۔

سر ی لنکا میں متعدد حکومتوں نے اس ایئر لائن کو فروخت کرنے کی کوشش کی ہے، لیکن یہ تمام کوششیں ہی ناکام رہی ہیں۔ ایک دور میں تو تب کی حکومت نے اس ایئر لائن کو ایک ڈالر میں فروخت کرنے کی پیشکش بھی کی تھی، لیکن اسے خریدنے میں تب بھی کسی نے دلچسپی نہیں دکھائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔