ایرانی پارلیمنٹ کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ، سرکاری میڈیا

ہیکرز نے کہا تھا کہ انہوں نے 1979ء کے اسلامی انقلاب کی یاد میں صدر ابراہیم رئیسی کی تقریر کی سرکاری ٹیلی ویژن سے آن لائن نشریات کو ہیک کر لیا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ، سرکاری میڈیا
ایرانی پارلیمنٹ کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ، سرکاری میڈیا
user

Dw

ایران کے سرکاری میڈیا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی پارلیمان اور اُس سے منسلک نیوز ایجنسی کی ویب سائٹس کو ہیکرز کا نشانہ بننے کے بعد فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمان کی ویب سائٹس پر منگل کی صبح ہونے والے سائبر حملے کے نتیجے میں پارلیمان اور اس کی نیوز ایجنسی '' خانہ ملت‘‘ کی ویب سائٹ (ICANA.ir) کو بند کر دیا گیا ہے۔

ایران کی مقننہ کی طرف سے اس سلسلے میں دیے گئے ایک بیان کے حوالے سے ارنا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ '' اس مسئلے کی سنگینی اور وسعت کے بارے میں تکنیکی ٹیم تفتیش کر رہی ہے۔‘‘ اس سائبر حملے کا دعویٰ ایک ہیکنگ گروپ نے کیا تھا جسے ''اپرائزنگ ٹل اوورتھرو‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ گروپ جلاوطن ایرانی مخالف گروپ پیپلز مجاہدین آرگنائزیشن آف ایران (PMOI) سے وابستہ ہے، جسے ایرانی حکومت ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتی ہے۔


ایک بیان میں اس گروپ نے کہا کہ اس نے ایران کی پارلیمنٹ سے وابستہ 600 سرورز کو ہیک کیا اور سینکڑوں صفحات کا ہیک مواد اپنے ٹیلیگرام پیج پر جاری کر دیا۔ یہ سائبر حملہ ایران میں یکم مارچ کو نئی پارلیمنٹ کے انتخاب کے لیے ہونے والے الیکشن سے تین ہفتے سے بھی کم وقت پہلے ہوا۔

تہران کی حکومت سے منسلک ویب سائٹس اور میڈیا آؤٹ لیٹس کو گزشتہ برسوں میں کئی سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گزشتہ دسمبر میں ہونے والے سائبر حملے نے ایران کے 60 فیصد پیٹرول اسٹیشنوں کو ہدف بنایا تھا جس سے ایندھن کی سپلائی اور فروخت بُری طرح متاثر ہوئی تھی اور اسے ہفتوں تک رکاوٹ کا سامنا رہا تھا۔ اس سائبر حملے کے بارے میں خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ اطلاع دی تھی کہ پریڈیٹری اسپیرو گروپ (Predatory Sparrow Group) نے سائبر اٹیک کا دعویٰ کیا ہے۔ ان دعوؤں کی تاہم آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔


نومبر 2022 ء میں ہیکرز نے فارس نیوز ایجنسی کے آؤٹ پٹ میں خلل ڈالا تھا۔ یاد رہے کہ یہ نیوز ایجنسی مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد شروع ہونے والے ملک گیر احتجاج کے دوران ریاست کی طرف سے پھیلائی جانے والی خبروں کا ایک اہم ذریعہ تھی۔ ان واقعات کے مہینوں بعد فروری دو ہزار تیئیس میں مظاہروں کی حمایت کرنے والے ہیکرز نے کہا تھا کہ انہوں نے 1979ء کے اسلامی انقلاب کی یاد میں صدر ابراہیم رئیسی کی تقریر کی سرکاری ٹیلی ویژن سے آن لائن نشریات کو ہیک کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔