پاپ اسٹار بریٹنی اسپیئر اپنے والد سے اتنی ناراض کیوں ہیں؟

معروف امریکی گلوکارہ نے عدالت سے کہا کہ وہ اپنی ''زندگی واپس'' چاہتی ہیں اور اپنی آمدنی وہ زندگی کے معاملات میں ”مکروہ کنٹرول" سے نجات چاہتی ہیں۔

پاپ اسٹار بریٹنی اسپیئر اپنے والد سے اتنی ناراض کیوں ہیں؟
پاپ اسٹار بریٹنی اسپیئر اپنے والد سے اتنی ناراض کیوں ہیں؟
user

Dw

معروف پاپ اسٹار بریٹنی اسپیئرنے عدالت میں اپنا موقف پیش کرتے ہوئے جج سے گزارش کی کہ ان کی زندگی اور مالی امور پر ان کے والد کا جو کنٹرول ہے اس کا وہ فوری خاتمہ چاہتی ہیں۔ تیرہ برس قبل عدالت نے ہی بریٹنی اسپیئر کے والد کو ان کی نگرانی سونپی تھی جس کے بعد پہلی بار 39 سالہ گلوکارہ نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

لاس اینجلس کی ایک عدالت میں سماعت سے قبل کورٹ کے باہر ان کے تقریباً 100 مداح بھی وہاں جمع ہو گئے جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں ان کی حمایت میں بینرز اور پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ ان پر ''بریٹنی اسپیئر کو اب آزاد کرو'' اور ''بریٹنی کی زندگی میں مداخلت بند کرو'' جیسے نعرے درج تھے۔


بریٹنی نے کیا کہا؟

بریٹنی اسپیئر نے جج سے کہا کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کرنا چاہتی ہیں اور ان سے بچے کی بھی متمنی ہیں۔ تاہم ان کے سرپرستوں نے انہیں ایسا کرنے سے روک رکھا ہے۔ انہوں نے فون پر جج سے کہا ''یہ نگرانی میرا بھلا کرنے سے زیادہ مجھے نقصان پہنچا رہی ہے۔ میں بغیر کسی جائزے کے اس سرپرستی کو ختم کرنا چاہتی ہوں۔''

بریٹنی اسپیئر نے اپنے والد کی خاص طور پر مذمت کی جو قانونی سرپرست کے طور پر ان کے تمام امور کی دیکھ بھال اور فیصلے کرتے رہے ہیں۔ پاپ اسٹار سن 2008 میں ذہنی عارضے میں مبتلا ہوئی تھیں جس کے بعد عدالت نے ان کے تمام امور کی ذمہ داری ان کے والد کے سپرد کر دی تھی۔


گلوکارہ کا کہنا تھا، ''مجھے سچ میں اس بات کا یقین ہے کہ یہ نگرانی (سرپرستی) میرے لیے کافی پریشان کن ہے۔ میرے والد، یا پھر جو بھی سرپرستی اور دیکھ بھال میں ملوث ہو کر مجھے سزا دینے میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں... انہیں تو جیل میں ہونا چاہیے۔''

جج برینڈا پینی کا کہنا تھا کہ بریٹنی اسپیئر کی قانونی ٹیم کو پہلے اس بارے میں عدالت کے سامنے باقاعدہ عرضی داخل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی بنیاد پر وہ فیصلہ کر سکیں۔ جج نے عدالت میں ان کے بیانات کے حوالے سے کہا۔ ''مجھے معلوم ہے اس کے لیے بڑی ہمت درکار ہوتی ہے۔''


بریٹنی اسپیئر نگرانی اور سرپرستی میں کیوں ہیں؟

اس بات کا آج تک پتہ نہیں چل سکا کہ پاپ اسٹار کن ذہنی عارضوں یا امراض سے دو چار تھیں تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف ضرور کیا ہے کہ نگرانی اور سرپرستی کی وجہ سے وہ مالی طور پر برباد ہونے سے بچ گئی تھیں۔ لیکن بدھ کے روز عدالت کے سامنے ان کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ ان اقدامات سے انہیں نہ صرف صدمہ پہنچا بلکہ کافی افسردہ بھی ہوئیں۔

بریٹنی اسپیئر کے سابق شوہر کیون فیڈر لائن کے ساتھ اختلافات اور تنازعے کی وجہ سے انہیں نفسیاتی علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کرانا پڑا تھا۔ اس کے بعد بریٹنی کو والد جیمس اسپیئر کی تحویل اور نگرانی میں کر دیا گیا تھا۔ اس کے تحت انہیں بیٹی کے کاروبار اور ان کی جائیداد سے متعلق تمام اختیارات ان کے ہاتھ میں آ گئے تھے۔ بریٹنی سے ملاقات کرنے والوں کو بھی ان سے اجازت لینی ہوتی تھی۔


ریاست کلیفورنیا میں ایسے افراد جو اپنا خیال خود نہیں کر سکتے یا پھر اپنے مالی امور کی حفاظت کے لائق نہیں ہیں، انہیں اہل خانہ کی سرپرستی میں دینے کا قانون موجود ہے۔ گزشتہ تیرہ برسوں کے دوران گلو کارہ نے بہت سے البم تیار کیے ہیں جبکہ ٹی وی پر بہت سے لائیو پروگرام پیش کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */