عبرانی زبان کا قدیم ترین بائبل پونے چار کروڑ ڈالر میں فروخت

کوڈیکس سیسون نامی مسیحیوں کی مقدس کتاب نیلامی میں فروخت ہونے والے اب تک کے مہنگے ترین مخطوطات میں سے ایک ہے۔ اس قدیم ترین کتاب کو اسرائیل کے اے این یو میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔

عبرانی زبان کا قدیم ترین بائبل پونے چار کروڑ ڈالر میں فروخت
عبرانی زبان کا قدیم ترین بائبل پونے چار کروڑ ڈالر میں فروخت
user

Dw

نیلامی ادارے سوتھبیز نے 17 مئی بدھ کے روز کہا کہ چمڑے کی جلد والا عبرانی زبان میں ہاتھ سے لکھا ہوا بائبل تقریباً 1,100 برس قدیم ہے، جو نیویارک میں 38.1 ملین ڈالر میں فروخت ہوا۔

کوڈیکس سیسون نامی اس بائبل کی قیمت سن 1994 میں لیونارڈو ڈا ونچی کے کوڈیکس لیسٹر نامی مخطوطے کے لیے ادا کیے گئے 30.8 ملین ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔ تاہم سن 2021 میں امریکی آئین کے پہلے ایڈیشن کے لیے، جو 43.2 ملین ڈالر کی رقم ادا کی گئی تھی، اس سے یہ کم ہے، جو نیلامی میں فروخت ہونے والا مہنگا ترین مخطوطہ ہے۔


سوتھبیز میں عبرانی ثقافت کے ماہر شیرون لائبرمین منٹز نے کہا کہ اس کی قیمت سے، ''عبرانی بائبل کی گہری طاقت، اثر و رسوخ اور اس کی اہمیت کی عکاسی ہوتی ہے، جو کہ انسانیت کا ایک ناگزیر ستون ہے۔''

کوڈیکس سیسون کو اسرائیلی میوزیم میں رکھا جائے گا

منٹز نے کہا کہ وہ ''آج کے یادگار نتائج سے بہت خوش ہیں اور کوڈیکس سیسون جلد ہی اسرائیل میں اپنی شاندار اور مستقل واپسی کرے گا اور نمائش کے دوران اسے دنیا دیکھ سکے گی۔'' سابق امریکی سفیر اور امریکن جیوش کمیٹی کے صدر الفریڈ ایچ موسیٰ نے کوڈیکس کو غیر منافع بخش امریکی ادارے 'فرینڈز آف اے این یو' کی جانب سے خریدا ہے۔ اسے اسرائیل کے تل ابیب میں یہودیوں کے معروف اے این یو میوزیم کو ہدیہ کیا جائے گا۔


الفریڈ ایچ موسیٰ نے کہا: ''عبرانی بائبل تاریخ کی سب سے زیادہ بااثر کتاب ہے اور یہ مغربی تہذیب کی بنیاد ہے۔ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہ یہودی لوگوں سے تعلق رکھتی ہے۔'' سوتھبیز کے بقول نیلامی کا عمل صرف چار منٹ تک جاری رہا اور مقابلہ محض دو خریداروں کے درمیان ہی تھا۔ دنیا بھر کے دورے کے ایک حصے کے طور پر اس مخطوطے کو مارچ میں نمائش کے لیے اے این یو میوزیم بھی رکھا گیا تھا۔

کوڈیکس سیسون پہلے کس کے پاس تھا؟

اس بائبل کا نام اس کے سابقہ مالک ڈیوڈ سلیمان سیسون کے نام پر ہے اور خیال کیا جاتا ہے کہ اسے سن 880 اور 960 کے درمیان تحریر کیا گیا تھا۔ سیسون نے قدیم یہودی تحریروں کا اپنے پاس ایک ذاتی ذخیرہ بنایا تھا اور اس کتاب کو انہوں نے سن 1929 میں حاصل کیا تھا۔ ان کی موت کے بعد سیسون کی جائیداد بکھر گئی اور سوتھبیز نے سن 1978 میں کوڈیکس کو برطانوی ریل پنشن فنڈ کو اس وقت تقریباً 320,000 ڈالر میں فروخت کر دیا تھا۔


پھر سن 1989 میں برطانوی پنشن فنڈ نے اسے 3.19 ملین ڈالر میں بینکر اور آرٹ کے شوقین جیکی صفرا کو فروخت کر دیا۔ جیکی نے ہی بدھ کے روز اسے فروخت کیا ہے۔ سوتھبیز کے مطابق صفرا نے حال ہی میں اس بات کی تصدیق کے لیے اس کتاب کی کاربن کی جانچ کراوئی تھی کہ یہ حلب کوڈیکس اور لینن گراڈ کوڈیکس جیسی دو دیگر پرانی بائبل سے بھی زیادہ قدیم ہے۔ یہ دونوں بائبل بھی عبرانی زبان میں ہیں اور یہ بھی کافی قدیم مانی جاتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔