انسان فنکار کیسے بنا؟

شاعری، موسیقی، رقص، مصوری اور ادب سمیت فن کی مخلتف اصناف انسان کو دیگر جانوروں سے الگ کرتی ہیں۔ سوال مگر یہ ہے کہ فن کیا ہے اور انسان آرٹ کی طرف کیسے نکل پڑا؟

انسان فنکار کیسے بنا؟
انسان فنکار کیسے بنا؟
user

Dw

آرٹ انسانی تخلیق ہے اور اس کی تاریخ لگ بھگ اتنی ہی پرانی ہے، جتنا خود انسان۔ پتھروں کے دور میں مختلف غاروں میں انسانی ہاتھوں سے بنی اشکال اس کی ایک واضح مثال ہیں۔ مگر انسان آرٹ کی طرف کیوں بڑھا؟ اس کی وجہ پیچیدہ ہے اور اس پر مختلف ماہرین کے درمیان اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ بعض ماہرین سمجھتے ہیں کہ انسان نے آرٹ کا سہارا اظہار کے لیے لیا جب کہ دوسری جانب ماہرین کا خیال ہے کہ آرٹ کی طرف انسان کا مائل ہونا بحالت مجبوری تھا یعنی وجہ، ضرورت تھی۔

انسان اور فن

معروف شاعر پیرزادہ قاسم کا شعر ہے۔

میں ایسے شخص کو زندوں میں کیا شمار کروں

جو سوچتا بھی نہیں خواب دیکھتا بھی نہیں


تخلیق کا وصف قدیمی انسانوں سے لے کر آج تک ہے اور اسے بنیادی انسانی رویہ سمجھا جاتا ہے۔ انسان جہاں جہاں رہا، وہاں آرٹ کسی نہ کسی صورت میں اس کے ساتھ رہا۔ ابتدا میں مختلف تخلیقات کا تعلق رسمی، سماجی اور مذہبی معاملات سے تھا جب کہ اس سے کئی طرح کے کام لیے جاتے تھے، جن میں خیالات کا اظہار، قصہ گوئی، ابلاغ وغیرہ سب شامل ہیں۔ یہی آرٹ کسی گروہ، برادری یا معاشرے کی بنیادی شناخت تک گردانا جاتا رہا ہے۔

فن کی معاشرے میں قدر

آرٹ عمومی طور پر اپنے سماج کے رویوں، اقدار اور عقائد کا آئینہ دار رہا ہے، جس میں ثقافتی، سماجی اور سیاسی پہلوؤں کا احاطہ کیا جاتا رہا ہے۔ نگاہوں کو بھلا لگنے اور شخصی اظہاریے کے علاوہ آرٹ کا ایک اور کام کسی علاقے کو انوکھی شناخت دیتے ہوئے دیگر علاقوں کے افراد اور برادریوں کو متوجہ کرنا بھی ہے۔


آرٹ کا ایک اور کام مختلف موضوعات پر مکالمت کا آغاز اور حوصلہ افزائی ہے اور ان میں وہ موضوعات بھی شامل ہیں، جن پر عام حالات میں بات نہیں ہو سکتی۔

متنوع تعریف

آرٹ یا فن کی بنیادی تعریف یا جہت تو کسی حد تک واضح ہے، تاہم ہر فنکار آرٹ کی بابت اپنی ایک رائے رکھتا ہے۔


شمیاکرمانی، ایک رقاص کی نظر میں فن

معروف پاکستانی کلاسیکی رقاصہ شیما کرمانی نے ڈی ڈبلیو اردو سے بات چیت میں کہا کہ انسان فن اس لیے تخلیق کرتا ہے تاکہ وہ زندہ رہ سکے اور اپنے آس پاس موجود جمالیات اور خوبصورتی کو محسوس کر سکے: ''میرے لیے فن ماضی کی یاد، حال کی تشریح اور مستقبل کی پیش گوئی کرتا ہے۔ فنکار معاشرے کا ضمیر ہوتے ہیں، جن کا کام معاشرے کی اقدار کے دھاگے کو سلامت رکھنا ہوتا ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے فن کو معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے استعمال کیا، ''میں نے اپنی فنی سرگرمیوں میں ہمیشہ اپنے حاضرین کو سوچنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی اور انہیں مختلف سوچنے اور معاشرے، رویے، سوچ، سماجی و سیاسی و ثقافتی زندگی میں تبدیلی کی ترغیب دی۔ یعنی تصور یہ تھا کہ ان کے ذہن کو جھنجھوڑا جائے اور اختیار اور اعتبار سونپا جائے کہ وہ آزادی کو محسوس کریں۔‘‘ ان کا کہنا تھا خصوصاﹰ خواتین کے لیے رقص جسمانی مضبوطی اور خود اعتمادی میں اضافے کا باعث بنتا ہے اور اس سے جسم اور ذات دونوں کی قوت اور توقیر بڑھتی ہے۔


شاہد رسام، مصور کی نظر میں فن

معروف پاکستانی مصور شاہد رسام نے ڈی ڈبلیو سے گفتگو میں کہا، ''انسان کی پہلی زبان یا نظریہ اظہار، آرٹ ہی تھا۔ جب انسان کوئی زبان نہیں بولتا تھا اور فقط غوں غاں کی شکل میں اپنے جذبے کا اظہار کرتا تھا تو سب سے پہلا ٹھوس اظہاریہ لکیروں کی شکل میں تھا۔ یہی لکیریں پھر پینٹنگز بنتی چلی گئیں۔ غاروں میں موجود اشکال ہی کو لے لیجے وہ ہزاروں برس پرانی ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ''تخلیقی عمل کا پہلا عنصر جمالیات سے شروع کر سوال تک لے جاتا ہے۔ ہم کسی شے کی جمالیات یا سحر سے کسی تخلیق کا آغاز کرتے ہیں اور پھر اس کے بعد انسانی زندگی کے ادراک و کنار میں موجود چیزوں کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہیں، ساتھ ہی وہ جہتیں لوگوں کو دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جو ایک عام آدمی دیکھنے سے قاصر ہوتا ہے۔


واصل شاہد، ایک خطاط کی نظر میں فن

واصل شاہد ایک معروف پاکستانی خطاط ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ انسان فقط ایک مادی وجود نہیں رکھتا بلکہ شعوری وجود بھی رکھتا ہے اور یہی شعوری وجود اسے بہت سی چیزوں کا ادارک دیتا ہے: ''ہمارا شعوری وجود ہمیں اپنی اصل، اپنے مقصد اور منزل کی تلاش کے لیے مضطرب رکھتا ہے یعنی وہ اس کائنات اور زمان و مکاں میں کیوں ہے؟ اس کے پیدا ہونے اور مرنے کے درپردہ کیا کچھ ہے۔ یہی بنیادی سوالات انسان کو ابتدا سے بے چین رکھے ہوئے ہیں۔ ان سوالات کو جاننے اور پرکھنے کے لیے انسان مختلف تجربات کرتا ہے۔ انہی تجربات میں جمالیات در آتی ہے، تو وہ فن کہلاتا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔