ڈبلن فلم فیسٹیول: کورونا پابندیاں ختم، فنکار ریڈ کارپٹ پر

براعظم یورپ اپنے جمالیاتی ذوق میں جداگانہ حیثیت کا حامل ہے۔ اس میں بین الاقوامی شہرت کے فلمی میلے بھی شامل ہیں۔ دبلن میں ان دنوں بین الاقوامی شہرت کا فلمی میلہ شائقین کی دلچسپیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

ڈبلن فلم فیسٹیول: کورونا پابندیاں ختم، فنکار ریڈ کارپٹ پر
ڈبلن فلم فیسٹیول: کورونا پابندیاں ختم، فنکار ریڈ کارپٹ پر
user

Dw

ڈبلن انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کو منتظمین نے سن 2021 میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی وجہ سے ورچوئل کر دیا تھا۔ منتطمین نے رواں برس کے میلے کی ورچوئل حیثیت ختم کر دی ہے۔ تیئیس فروری کو اس کثیر الملکی فلمی میلے کا افتتاح رنگا رنگ تقریب کے ذریعے ہوا۔ اس کی افتتاحی تقریب آئرلینڈ کے دارالحکومکت ڈبلن میں منعقد کی گئی۔ فنکاروں کا استقبال ریڈ کارپٹ پر کیا گیا۔

اس افتتاحی تقریب میں آئرش زبان کی فلم 'دا کوائیٹ گرل‘ کو بین الاقوامی مہمانوں، جن میں فلمی صنعت سے وابستہ فنکار، ہدایتکار اور تکنیکی عملے کے ساتھ ناقدین ومبصرین شامل تھے، کے سامنے پیش کیا گیا۔ اس فلم کا مرکزی کردار ادا کرنے والی بارہ سالہ اداکارہ کیتھرین کلنچ نے خاص طور پر مہمانوں سے خطاب بھی کیا۔


کامیاب فلمی میلا

تیئیس فروری کو شروع ہونے والا فلمی میلا چھ مارچ کو ختم ہو گا۔ اس فلمی میلے کی بظاہر عمر بہت کم ہے لیکن اس نے عالمی شناخت بہت کم عرصے میں حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس میلے کو بڑے اسپانسرز کا تعاون بھی حاصل ہے اور اس میلے کی افتتاحی و اختتامی تقریب کو باوقار خیال کیا جاتا ہے۔ کووڈ پابندیوں کے باوجود رواں برس کے فلمی میلے کو آئرش فلمی صنعت کے لیے انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔

آئرلینڈ کی نیشنل فلم اور ٹیلی وژن ایجنسی (اسکرین آئرلینڈ) نے ملکی فلمی صنعت کو مزید تقویت دینے کے لیے پانچ سو ملین یورو یا پانچ سو پینسٹھ ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایک ریکارڈ سرمایہ کاری قرار دی گئی ہے اور اس کا مقصد معیاری فلموں کی تخلیق، ٹیلی وژن کے لیے خصوصی ڈرامائی سلسلے اور دستاویزی پروگراموں کی عکاسی ہے۔


آئر لینڈ میں انٹرنیشنل پروڈکشنز

مبصرین کے مطابق کووڈ وبا کے دوران ورچوئل طرزِ زندگی نے فنونِ لطیفہ کو بھی ایک نیا رنگ دیا ہے اور نئی سرمایہ کاری میں ورچوئل سیکٹر کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

اس یورپی ملک کا لینڈ اسکیپ بین الاقوامی فلموں کی عکاسی کے لیے نہایت موزوں خیال کیا جاتا ہے۔ سن 2019 میں آئرش سرزمین پر انٹرنیشنل پروڈکشنز کی عکاسی میں پینتالیس فیصد اضافہ دیکھا گیا اور اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔


ڈزنی کی انتہائی اہم فلم 'ڈزنی چانٹڈ‘ بھی آئرش دارالحکومت ڈبلن اور وِکلو نامی شہر میں فلم بند کی گئی۔ ڈزنی چانٹڈ نامی فلم رواں برس کے اختتام پر ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں ایمی ایڈمز جیسی معروف اداکارہ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

آئرش ٹیلی وژن ڈرامہ 'ہولڈنگ‘ کا بھی انتظار کیا جا رہا ہپے۔ یہ ڈرامہ گراہم نارٹن کے اولین ناول کی ڈرامائی تشکیل ہے اور اسی سال ملکی اور غیر ملکی ٹیلی وژنز پر نشر کیا جا رہا ہے۔


آئرش فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو بین الاقوامی ایوارڈز میں رواں برس مختلف کیٹیگریوں میں پینتیس نامزدگیاں حاصل ہوئی ہیں۔ اسکرین آئرلیند کی مالی معاونت سے بننے والی فلم 'دا کوائیٹ گرل‘ کو برلن فلم فیسٹیول میں بھی غیر معمولی پذیرائی ملی تھی۔

اس فلم کو جرمن دارالحکومت میں رواں مہینے منعقد کیے جانے والے فلمی میلے برلینالے میں ایوارڈز بھی دیے گئے۔ اسکرین آئرلینڈ کی چیف ایگزیکٹو ڈیزری فینیگن کا کہنا ہے کہ حکومتی چھتری میسر ہونے کے بعد ان کے ملک کی فلمی صنعت نے عالمی سطح پر ایک شناخت اور وقار حاصل کرنے میں دیر نہیں لگائی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔