یوراج سنگھ نے شبھمن گل کو کیا فون، کہا ’کھڑا ہو جا اور کھیل، میں دو بار ڈینگو میں کھیلا ہوں‘

یوراج کا کہنا ہے کہ ’’میں نے اسے (شبھمن کو) فون کیا او راس سے کہا کہ میں دو بار ڈینگو میں کھیلا ہوں، عالمی کپ میں بھی میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی، اس لیے کھڑا ہو جا اور کھیل کیونکہ یہ ایک اہم میچ ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>شبھمن گل، تصویر @BCCI</p></div>

شبھمن گل، تصویر @BCCI

user

قومی آوازبیورو

عالمی کپ 2023 کا سب سے اہم مقابلہ 14 اکتوبر یعنی کل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا ہے۔ ہندوستانی ٹیم 7 سال بعد اپنے گھر میں پاکستان کے ساتھ کھیلے گی اور اس میچ کو اسٹیڈیم میں جا کر دیکھنے والوں کو ایک بڑی تعداد ہے۔ ٹکٹ کے لیے مارا ماری چل رہی ہے اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کی بھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ سے بھی زیادہ ناظرین پہنچنے والے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں احمد آباد پہنچ چکی ہیں اور پریکٹس بھی کر رہی ہیں۔

اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ہندوستان کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے ڈینگو سے پریشان شبھمن گل کو فون کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں یوراج سنگھ نے بتایا کہ انھوں نے شبھمن گل کو فون کیا اور پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کے لیے کہا ہے۔ یوراج نے گل کو یہ بھی بتایا کہ وہ خود اپنے کیریر میں دو بار ڈینگو سے متاثر ہونے کے باوجود میچ کھیلے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گل نے جمعرات کو ایک گھنٹے تک احمد آباد میں پریکٹس بھی کیا۔ یعنی پاکستان کے خلاف میچ میں شبھمن گل کے کھیلنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ عالمی کپ 2023 کے شروعاتی دو میچوں میں شبھمن گل ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔


بہرحال، یوراج سنگھ نے گل سے کہا کہ پاکستان کے خلاف میچ انتہائی اہم ہے اور انھیں یہ مقابلہ کھیلنا چاہیے۔ یوراج کا کہنا ہے کہ ’’میں نے اسے فون کیا اور کہا کہ میں دو بار ڈینگو میں کھیلا ہوں۔ عالمی کپ میں بھی میری طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔ اس لیے کھڑا ہو جا اور کھیل، کیونکہ یہ ایک بہت ہی اہم میچ ہے۔‘‘ حالانکہ ساتھ ہی یوراج نے کہا کہ اگر وہ بہتر محسوس کر رہا ہوتا تو ضرور کھیلتا، لیکن وائرل یا ڈینگو سے باہر نکلنا واقعی مشکل ہے۔ یہ آپ کے جسم سے سب کچھ چوس لیتا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ وہ واقعی میں اس میچ کو کھیلنے کے لیے پُرجوش ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عالمی کپ میں پاکستان کے خلاف ہندوستانی ٹیم ایک بھی میچ نہیں ہاری ہے۔ دونوں ٹیمیں وَنڈے عالمی کپ میں 7 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور ہر بار ہندوستانی ٹیم جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان میچ کو لے کر یوراج سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’یہ اس وقت شہر میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔ جب بھی میں لوگوں سے بات کرتا ہوں، میں ان سے کہتا ہوں کہ وہ اس کا انتظار کریں کیونکہ یہ ایک بڑا موقع ہے۔ آپ نہیں جانتے کہ یہ وقت واپس آئے گا یا نہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔