افغانستان سیریز میں شکست کا خوف لاحق، اس لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع نہیں دیا گیا: شری کانت
شری کانت نے کہا کہ ’’افغانستان جیسی ٹیموں کے خلاف نوجوان کھلاڑیوں کو آزمایا جانا چاہیے تھا۔ ہار کے خوف سے طاقتور ٹیم منتخب کی گئی ہے۔ آئرلینڈ-انگلینڈ میں شکست کے بعد یہ ایک مایوس کن قدم جیسا لگتا ہے‘‘

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سلیکٹر رہے کرشنماچاری شری کانت کا ماننا ہے کہ افغانستان کے خلاف ہونے والی ٹی-20 سیریز کا استعمال ہندوستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے کیا جانا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ حال میں ملی شکست کی وجہ سے سلیکٹرز نے افغانستان سیریز میں ٹیم کے ساتھ تجربات نہیں کیے۔
شری کانت نے اپنے ’یوٹیوب چینل‘ پر کہا کہ ”آئرلینڈ اور انگلینڈ میں سیریز ہارنے کے بعد سلیکٹرز نے کوئی رِسک نہ لینے کا فیصلہ کیا اور افغانستان کے خلاف ایک مضبوط ٹیم منتخب کی۔ وہ پوری طاقت لگا رہے ہیں، لیکن یہ ایک غلطی ہے۔ افغانستان جیسی ٹیموں کے خلاف آپ کو نوجوان کھلاڑیوں کو آزمانا چاہیے تھا۔ ہار کے خوف سے طاقتور ٹیم منتخب کی گئی ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آئرلینڈ اور انگلینڈ میں شکست کے بعد یہ ایک مایوس کن قدم جیسا لگتا ہے۔ یہ ٹیم تقریباً ویسی ہی ہے جیسی انہوں نے انگلینڈ کے لیے منتخب کی تھی۔“
واضح رہے کہ ہندوستان کو شریئس ایئر کی کپتانی میں حال ہی میں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے تمام 6 ٹی-20 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد ہندوستان کی دوسری درجے کی ٹیم نے جولائی میں زمبابوے کے خلاف سیریز 3-0 سے جیتی تھی۔ افغانستان سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں 4 زخمی کھلاڑی ہیں۔ اس پر شری کانت نے کہا کہ ’’صرف بنگلورو کے سینٹر آف ایکسیلنس میں ٹریننگ سے کھلاڑیوں کو مقابلے کے لیے تیار نہیں کیا جا سکتا۔ ان چاروں نے میچ فٹنس ثابت نہیں کی ہے۔ وہ کس بنیاد پر فٹنس کے دائرے میں آتے ہیں؟ صرف اس لیے کہ آپ بنگلورو کے سی او ای میں اپنی فٹنس ثابت کر دیتے ہیں، کیا آپ فٹ ہیں؟ اسی طرح ہرشت رانا انگلینڈ گئے تھے، اور پھر وہاں ان کے ساتھ کیا ہوا؟ اس لیے میچ فٹنس ضروری ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے خلاف منتخب کی گئی ہندوستانی ٹیم میں جسپریت بمراہ، ہرشت رانا، نتیش کمار ریڈی اور واشنگٹن سندر کو جگہ ملی ہے، لیکن یہ کھلاڑی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان 3 میچوں کی ٹی-20 سیریز 13، 15 اور 17 ستمبر کو دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
