عالمی کپ 2023: ’آپ میں عالمی چمپئن بننے کی سبھی خوبیاں موجود‘، سونیا گاندھی کا ہندوستانی ٹیم کو پیغام

عالمی کپ 2023 کے فائنل مقابلہ سے ایک دن قبل سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’میری پیاری ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کو بہت مبارکباد۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>سونیا گاندھی</p></div>

سونیا گاندھی

user

قومی آوازبیورو

کرکٹ عالمی کپ 2023 کا فائنل مقابلہ اتوار (19 نومبر) کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم کی جیت کے لیے جگہ جگہ دعائیں کی جا رہی ہیں اور مشہور ہستیاں نیک خواہشات پر مبنی پیغامات جاری کر رہے ہیں۔ اس درمیان سابق کانگریس صدر اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے ہفتہ کے روز ہندوستانی ٹیم کے نام ایک انتہائی اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

سونیا گاندھی نے اپنے ویڈیو پیغام میں ہندوستانی ٹیم کو بڑے مقابلے کے لیے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہندوستانی ٹیم نے بیش قیمتی لمحات میسر کرائے ہیں جو کرکٹ کے میدان سے پرے بھی پھیلے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’میری پیاری ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں، سب سے پہلے اس عالمی کپ کے دوران آپ کے کھیل اور ٹیم وَرک کے لیے آپ کو بہت مبارکباد۔ آپ نے پورے ملک کو لگاتار خوشی اور فخر کے لمحات دیے ہیں۔ اس عالمی کپ کے فائنل میچ تک کے آپ کے سفر میں بہت بڑا پیغام پوشیدہ ہے۔ وہ پیغام اتحاد، سخت محنت اور عزم کا ہے۔‘‘


یہ پیغام سونیا گاندھی نے ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں جاری کیا ہے۔ ہندی میں جاری 1 منٹ 50 سیکنڈ کے اس پیغام میں وہ کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ’’میں ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔ آج مجھے گزشتہ ان دو مواقع کی یاد آ رہی ہے جب ہندوستان نے عالمی کپ ٹرافی جیتی تھی۔ پہلے 1983 میں اور پھر 2011 میں۔ ان دونوں مواقع پر ملک وقار اور خوشی سے جھوم اٹھا تھا۔ اب پھر سے وہ موقع آ گیا ہے۔ کرکٹ نے ہمیشہ ہمارے ملک کو جوڑنے کا کام کیا ہے۔ اب، جب آپ فائنل میچ کے لیے تیار ہیں تو پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے اور آپ کی کامیابی کی دعا کر رہا ہے۔ آپ کو میری طرف سے نیک خواہشات۔ آپ میں عالمی چمپئن بننے کی سبھی خوبیاں موجود ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ٹیم انڈیا جیتے گی۔ جئے ہند۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔