جس ٹیم نے سڑک سے اٹھایا اسے چھوڑنا چاہتے ہیں یشسوی جیسوال، این او سی کے لیے کیا ای میل
یشسوی جیسوال نے ممبئی چھوڑ کر گوا کی طرف سے رنجی کرکٹ کھیلنے کا ارادہ کیا ہے۔ وہ آنے والے رنجی سیزن میں گوا کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں۔
تصویر آئی اے این ایس
ہندوستانی ٹیم کے نوجوان سلامی بلے باز یشسوی جیسوال آئی پی ایل میں راجستھان کے لیے اور رنجی ٹرافی میں ممبئی کے لیے کھیلتے ہیں۔ وہ اپنی ٹیموں کی فتح کے لیے بہترین کارکردگی پیش کرتے رہے ہیں۔ لیکن اب وہ اپنی اس ٹیم کو خیر باد کہنا چاہتے ہیں جس نے انھیں سڑک سے اٹھا کر آسمان پر پہنچا دیا۔ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق یشسوی جیسوال نے ممبئی رنجی ٹیم کو چھوڑنے کا ارادہ کر لیا ہے۔ اس کے لیے انھوں نے ممبئی کرکٹ ایسو سی ایشن سے این او سی (نو آبجکشن سرٹیفکیٹ) بھی مانگی ہے۔ یشسوی جیسوال نے اس کے پیچھے کی وجہ ذاتی بتائی ہے۔
جو رپورٹس سامنے آ رہی ہیں، اس میں بتایا جا رہا ہے کہ یشسوی نے ممبئی چھوڑ کر گوا جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی وہ آنے والے رنجی سیزن میں گوا کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں۔ ان سے قبل پرتھوی شا اور ممبئی کے کئی دیگر کرکٹرس بھی گوا کھیلنے جا چکے ہیں۔ اس میں ایک مشہور نام ارجن تندولکر کا ہے جو کہ پہلے ممبئی کے لیے رنجی ٹرافی کھیلتے تھے، لیکن گزشتہ 3 سیزن سے وہ گوا کے لیے رنجی ٹرافی کھیل رہے ہیں۔ اب یشسوی بھی اسی ٹیم کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ خبریں تو یہاں تک سامنے آئی ہیں کہ جیسوال گوا کے کپتان بن سکتے ہیں۔ حالانکہ اس سلسلے میں ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ یہ بات ضرور مصدقہ ہے کہ یشسوی نے ممبئی کرکٹ ایسو سی ایشن کو این او سی کے لیے ای میل کیا ہے۔
واضح رہے کہ یشسوی جیسوال نے 2019 میں ممبئی کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ فرسٹ کلاس کرکٹ کا پہلا میچ انھوں نے چھتیس گڑھ کے خلاف کھیلا۔ پہلے میچ میں یہ کھلاڑی کچھ خاص کمال نہیں کر پایا، لیکن اس کے بعد جیسوال نے رنوں کا انبار لگا دیا۔ بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے 36 فرسٹ کلاس میچوں میں 60 سے زیادہ کی اوسط سے 3712 رن بنائے ہیں۔ جیسوال کے بلے سے 13 سنچری اور 12 نصف سنچری بھی نکلی ہیں۔ یشسوی جیسوال کو ممبئی کی ٹیم نے ہی موقع دیا جس کے بعد وہ اتنا بڑا نام بنے۔ ممبئی نے اس کھلاڑی کو پوری حمایت دی۔ انھیں ٹاپ آرڈر میں جگہ دی، اور اب یہ کھلاڑی اس ٹیم کو چھوڑنا چاہتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔