ڈبلیو ٹی سی فائنل: پہلے ہی دن ’پانی پانی‘ ہوا ساؤتھمپٹن، نہ کھیل شروع ہو سکا اور نہ ٹاس

ہندوستانی وقت کے مطابق کل پہلا سیشن 3 بجے سے 5 بجے، دوسرا سیشن 5.40 بجے سے 7.40 بجے اور تیسرا سیشن 8 بجے سے 10.30 بجے تک کھیلا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہو گیا ہے۔ انگلینڈ کے ساؤتھمپٹن میں آج دن بھر کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش ہوتی رہی۔ دوپہر بعد بارش رکی، لیکن فیلڈ پر اس قدر پانی جمع ہو گیا تھا کہ کھیل شروع کرنا ممکن نہیں تھا۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 3 بجے امپائروں نے گراؤنڈس مین کے ساتھ بات چیت کی اور پورے دن کا کھیل رد کرنے کا اعلان کیا۔ اب کل صبح مقامی وقت کے مطابق 10.30 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق 3 بجے دوپہر) کھیل شروع ہوگا۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ خراب موسم کی وجہ سے آج ٹاس بھی نہیں ہو سکا اس لیے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کل صبح ہی ٹاس کریں گے اور پھر آگے کا کھیل شروع ہوگا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق کل پہلا سیشن 3 بجے سے 5 بجے، دوسرا سیشن 5.40 بجے سے 7.40 بجے اور تیسرا سیشن 8 بجے سے 10.30 بجے تک کھیلا جائے گا۔ آج چونکہ پورے دن کا کھیل نہیں ہو سکا، اس لیے ریزرو رکھے گئے چھٹے دن کا استعمال کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق اب اگلے پانچ دن 98 اوور ڈالے جائیں گے۔


اس درمیان امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان نے جو اپنی 11 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے، اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ دراصل ابھی تک ٹاس ہوا نہیں ہے اس لیے کئی کرکٹ ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹاس سے قبل جب فائنل شیٹ دونوں ٹیموں کے کپتان ایک دوسرے کو اپنے کھلاڑیوں کی فائنل شیٹ سونپیں گے، اس وقت تک ٹیم میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹر اور ساؤتھمپٹن میں کمنٹری کے لیے پہنچے سنیل گاوسکر کا بھی کہنا ہے کہ انگلینڈ کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہندوستانی ٹیم میں ایک اسپنر کی جگہ بلے باز کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ان کے مطابق رویندر جڈیجہ کی جگہ ہنوما وِہاری کو موقع مل سکتا ہے، یا پھر اعلان کردہ ٹیم بھی میدان میں اتر سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔