ڈبلیو ٹی سی فائنل: پہلا دن رہا آسٹریلیا کے نام، ٹریوس ہیڈ کی سنچری اور اسٹیو اسمتھ کی نصف سنچری، اسکور 327/3

ٹریوس ہیڈ 156 گیندوں پر 146 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں اور اسٹیو اسمتھ نے بھی ناٹ آؤٹ 95 رن بنا لیے ہیں لیکن اس کے لیے انھوں نے 227 گیندیں کھیلیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @ICC</p></div>

تصویر @ICC

user

تنویر

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے ڈبلیو ٹی سی فائنل کا پہلا دن آسٹریلیا کے نام رہا۔ آج کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے 85 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 327 رن کا بڑا اسکور کھڑا کر لیا ہے۔ آج کے کھیل کا پہلا گھنٹہ بھلے ہی ہندوستان کے نام رہا، لیکن ٹریوس ہیڈ کی سنچری اور اسٹیو اسمتھ کی نصف سنچری نے آسٹریلیا کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔

آج ٹاس ہندوستانی کپتان روہت شرما نے جیتا تھا لیکن شروعاتی دن پچ کی اچھال اور گھماؤ کا فائدہ اٹھانے کے مقصد سے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت صحیح ثابت ہوا جب محمد سراج نے عثمان خواجہ کو صفر پر وکٹ کے پیچھے کے ایس بھرت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ یہ آج کے دن کا چوتھا اوور ہی تھا۔ اس کے بعد سلامی بلے باز ڈیوڈ وارنر اور مارنس لابوشین نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا۔ وارنر نے کچھ اچھے شاٹ بھی لگائے لیکن جب وہ 43 رن کے انفرادی اسکور پر تھے اور پہلا سیشن ختم ہونے والا تھا تبھی شاردل ٹھاکر نے انھیں وکٹ کے پیچھے کے ایس بھرت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ پھر جب دوسرا سیشن شروع ہوا تو محمد سمیع نے مارنس لابوشین کو اپنی ایک بہترین گیند پر بولڈ کر آسٹریلیا کو بیک فٹ پر ڈال دیا۔ لابوشین نے 26 رنوں کا تعاون کیا۔ یہاں پر آسٹریلیا کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 76 رن ہو گیا تھا۔


یہ وہ وقت تھا جب ہندوستانی گیندباز آسٹریلیائی بلے بازوں پر دباؤ بنا سکتے تھے، لیکن محمد سمیع اور محمد سراج کے علاوہ ہندوستان کے باقی تیز گیندباز کچھ خاص کارکردگی پیش نہیں کر سکے۔ امیش یادو کی گیندباز میں دھار دکھائی نہیں دی اور شاردل ٹھاکر نے بھی کچھ خراب گیندیں پھینکیں جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ وکٹ پر پیر جمانے میں کامیاب ہو گئے۔ ٹریوس ہیڈ نے تو شروع سے ہی جارحانہ رخ اختیار کیا ہوا تھا اور آج کا کھیل ختم ہونے پر وہ 156 گیندوں پر 146 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اپنی اس اننگ میں وہ اب تک 22 چوکے اور ایک چھکا لگا چکے ہیں۔ اسٹیو اسمتھ نے بھی ناٹ آؤٹ 95 رن بنا لیے ہیں، لیکن اس کے لیے انھوں نے 227 گیندیں کھیلیں۔ انھوں نے اس دوران 14 چوکے لگائے۔

شروعاتی گھنٹے کے بعد پچ بلے بازوں کے لیے موزوں بھی دکھائی دینے لگی تھی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستانی گیندباز بعد میں وکٹ کے لیے ترستے نظر آئے۔ ہندوستانی ٹیم میں شامل کیے گئے واحد اسپن گیندباز رویندر جڈیجہ نے حالانکہ کفایتی گیندبازی کی، لیکن وہ وکٹ سے محروم رہے۔ آج محمد سمیع نے 20 اوور میں 77 رن دے کر 1 وکٹ، محمد سراج نے 19 اوور مین 67 رن دے کر 1 وکٹ، اور شاردل ٹھاکر نے 18 اوور میں 75 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیے۔ امیش یادو نے 14 اوور میں 54 رن اور رویندر جڈیجہ نے 14 اوور میں 48 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔