ڈبلیو ٹی سی فائنل: آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ نے پلیئنگ الیون کا کیا اعلان، 11 جون سے لارڈس میں کھیلا جائے گا خطابی مقابلہ
ڈیوڈ وارنر کے استعفیٰ کے بعد سے ہی آسٹریلیا کے لیے سلامی بلے باز کا انتخاب درد سر بنا ہوا ہے۔ اب تک 4 کھلاڑیوں کو دوسرے سلامی بلے باز عثمان خواجہ کے ساتھ بطور اوپنر آزمایا جا چکا ہے۔
تصویر سوشل میڈیا
ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل مقابلہ لندن کے لارڈس کرکٹ اسٹیڈیم میں 11 جون سے 15 جون کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ہی ٹیموں نے حتمی پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر کے استعفیٰ کے بعد سے ہی آسٹریلیا کے لیے سلامی بلے باز کا انتخاب درد سر بنا ہوا ہے۔ اب تک 4 کھلاڑیوں کو دوسرے سلامی بلے باز عثمان خواجہ کے ساتھ بطور اوپنر آزمایا جا چکا ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کنفرم کر دیا ہے کہ مارنش لابوشین ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ کے ساتھ اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
اگر آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون کی بات کریں تو ٹیم کافی مضبوط نظر آ رہی ہے۔ عثمان خواجہ اور مارنس لابوشین کی جوڑی اننگز کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد آل راؤنڈر کیمرون گرین تیسرے نمبر پراور اسٹیون اسمتھ چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ ٹریوس ہیڈ پانچویں نمبر پر اور آل راؤنڈر بیو ویبسٹر چھٹے نمبر پر آئیں گے۔ وکٹ کیپر ایلکس کیری ساتویں نمبر پر کھیلتے نظر آئیں گے۔ کپتان پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ تیز گیند بازی کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور ناتھن لیون بطور اسپنر ان کا ساتھ دیں گے۔
اگر جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون کی بات کریں تو ریان ریکلٹن اور ایڈن مارکرم اننگز کا آغاز کریں گے۔ کپتان ٹیمبا باوما تیسرے نمبر پر کھیلیں گے، اس کے بعد ٹریسٹن اسٹبس چوتھے نمبر پر اور پھر ڈیوڈ بیڈنگھم پانچویں نمبر پر کھیلتے نظر آئیں گے۔ وکٹ کیپر کائل ویرین چھٹے نمبر پر آئیں گے۔ دو آل راؤنڈر سات اور آٹھویں نمبر پر رکھے گئے ہیں، پہلے ویان مولڈر آئیں گے جو میڈیم پیس بولنگ کے ساتھ ساتھ اچھی بیٹنگ بھی کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد آٹھویں نمبر پر فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر مارکو یانسن نظر آئیں گے۔ گیند بازی کی بات کی جائے تو دونوں آل راؤنڈر کے علاوہ 2 اہم تیز گیند باز لونگی انگیڈی اور کاگیسو رباڈا بھی ہیں، اسپن کا شعبہ کیشو مہاراج کے ہاتھ میں ہوگا۔
ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون: عثمان خواجہ، مارنس لابوشین، کیمرون گرین، اسٹیوین اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، بیو ویبسٹر، الیکس کیری (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنز (کپتان)، مچل اسٹارک، ناتھن لیون اور جوش ہیزل ووڈ۔
ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون: ریان ریکلٹن، ایڈن مارکرم، ٹیمبا باوما (کپتان)، ویان مولڈر، ٹریسٹن اسٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین (وکٹ کیپر)، مارکو یانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو رباڈا اور لونگی انگیڈی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔