ڈبلیو پی ایل 2026 میگا نیلامی: عالمی کپ فاتح کھلاڑیوں پر جم کر برسا پیسہ، دیپتی کو یوپی واریئرس نے 3.20 کروڑ میں خریدا
نیلامی کے دوران دیپتی شرما کو خریدنے کے لیے کئی فرنچائزی نے بولی لگائی۔ لیکن یوپی واریئرس نے ’رائٹ ٹو میچ‘ کارڈ کا استعمال کر کے دیپتی شرما کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خرید لیا۔

ویمنز پریمیئر لیگ 2026 کی میگا نیلامی میں عالمی کپ فاتح ٹیم کی کھلاڑیوں پر جم کر پیسے کی بارش ہوئی۔ نیلامی کے دوران دیپتی شرما کو خریدنے کے لیے کئی فرنچائزی نے بولی لگائی۔ لیکن یوپی واریئرس نے ’رائٹ ٹو میچ‘ کارڈ کا استعمال کر کے دیپتی شرما کو 3 کروڑ 20 لاکھ روپے میں خرید لیا۔ واضح رہے کہ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کا خطاب جیتا ہے، یہ ہندوستان کی خاتون ٹیم کا پہلا عالمی کپ خطاب ہے۔
27 نومبر کو ہوئی ڈبلیو پی ایل 2026 کی میگا نیلامی میں عالمی کپ فاتح ٹیم کی کھلاڑیوں کے لیے ٹیم مالکان نے اپنی تجوری کھول دی۔ عالمی کپ ٹیم کا حصہ رہی اسنیہا رانا کو دہلی کیپیٹلس نے 50 لاکھ روپے میں خریدا۔ ہرلین دیول کو یوپی واریئرس نے 50 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ رینوکا ٹھاکر کو گجرات جائنٹس نے 60 لاکھ روپے میں ٹیم میں شامل کیا۔ رادھا یادو کو رائل چیلنجرس بنگلورو نے 65 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ کرانتی گوڑ کو یوپی واریئرس نے 50 لاکھ روپے میں ’رائٹ ٹو میچ‘ کا استعمال کر کے انہیں دوبارہ اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔
دیپتی شرما کے علاوہ شری چرنی کے لیے بھی کئی ٹیموں نے بولی لگائی، دہلی کیپیٹلس نے انہیں 1.30 کروڑ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔ ان کی بیس پرائس 30 لاکھ روپے تھی۔ اروندھتی ریڈی کو رائل چیلنجرس بنگلورو نے 75 لاکھ میں خریدا۔ عالمی کپ فاتح ٹیم کی وکیٹ کیپر اوما چھیتری کو نیلامی میں کسی نے نہیں خریدا۔ واضح رہے کہ اسمرتی مندھانا، ہرمنپریت کور، شفالی ورما، جیمیما ریڈریگس اور رچا گھوس جیسی عالمی کپ کی فاتح ٹیم کی اہم کھلاڑیوں کو پہلے ہی اپنی اپنی فرنچائزی میں ریٹین ہو چکی تھیں، اس لیے وہ نیلامی میں شامل نہیں تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔