عالمی کپ فاتح کپتان ہرمن پریت کور نے پہنی خاص ٹی شرٹ، سبھی کو دیا معنی خیز پیغام

ہرمن پریت کور نے 3 نومبر کو ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں و عالمی کپ ٹرافی کے ساتھ لیٹی ہوئی ہیں۔ انھوں نے جو ٹی شرٹ پہنی ہے، اس پر ایک خاص پیغام لکھا ہے۔

ہرمن پریت، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

ہرمن پریت کور کا نام ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں رقم ہو گیا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ ان کی کپتانی میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلی بار عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ نوی ممبئی میں 2 نومبر کو ہونے والے فائنل میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 52 رنوں سے شکست دی، اور اس کے ساتھ ہی کروڑوں ہندوستانی شائقین کا طویل انتظار ختم ہو گیا۔ خاص طور پر ہرمن پریت کور کی برسوں کی محنت رنگ لائی، جو بطور کھلاڑی اور کپتان 12 آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ناکام رہیں، لیکن 13ویں کوشش میں انہوں نے کامیابی حاصل کر لی۔

اس جیت کے بعد ہرمن پریت کور نہایت خوش اور جذباتی نظر آئیں، اور انہوں نے ایک خاص ٹی شرٹ پہن کر پوری دنیا کو ایک معنی خیز پیغام دیا۔ ہرمن پریت نے 3 نومبر کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں وہ عالمی کپ ٹرافی کے ساتھ لیٹی ہوئی ہیں۔ انہوں نے جو ٹی شرٹ پہنی ہے، اس پر ایک خاص جملہ لکھا ہے جس کا اردو ترجمہ ہے ’کرکٹ جینٹل مین کا کھیل نہیں، سب کا کھیل ہے۔‘ یہ جملہ ان لوگوں کے لیے خاص پیغام ہے، جو کرکٹ کو صرف مردوں کا کھیل تصور کرتے ہیں۔


بہرحال، ہرمن پریت کور نے عالمی کپ سے متعلق اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس کھیل میں کوئی بھی جیت سکتا ہے۔ ایسا نہیں کہ ایک ہی ٹیم ہمیشہ کامیاب ہو۔ اگر محنت کی جائے تو عالمی چیمپئن بنا جا سکتا ہے، اور یہی ہرمن پریت کی ٹیم نے کر کے دکھایا۔ فائنل میچ میں ہرمن پریت کور اگرچہ بلے بازی سے کوئی خاص کمال نہیں دکھا سکیں (وہ صرف 20 رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں)، لیکن بطور کپتان ان کی حکمت عملی شاندار رہی۔ میچ کے دوران انہوں نے ایک ایسا فیصلہ کیا جس نے سب کو حیران کر دیا، مگر اسی فیصلے نے جنوبی افریقہ کی شکست طے کر دی۔ دراصل 21ویں اوور میں ہرمن پریت نے شیفالی ورما کو گیند تھما دی، جو ایک پارٹ ٹائم گیندباز مانی جاتی ہیں۔ انہوں نے آتے ہی جنوبی افریقہ کی 2 اہم وکٹیں گرا دیں۔ پہلا وکٹ سنے لیز کا اور دوسرا ماریزن کپ کا، جو جنوبی افریقہ کی میچ ونر آل راؤنڈر ہیں۔ ان 2 وکٹوں کے بعد جنوبی افریقی کپتان لورا وولوارٹ پر دباؤ بڑھ گیا، اور نتیجہ یہ ہوا کہ سنچری بنانے کے بعد وہ بڑھتے دباؤ کی وجہ سے آؤٹ ہو گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔