عالمی کپ 2023: سری لنکا کے خلاف الٹ پھیر نہیں کر سکی نیدرلینڈس ٹیم، 5 وکٹ سے شکست

نیدرلینڈس کی ٹیم نے سری لنکا کے سامنے جیت کے لیے 263 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے سری لنکائی بلے بازوں نے 5 وکٹ کے نقصان پر 10 گیندیں باقی رہتے حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>سری لنکائی گیندباز، کسون رجیتھا (دائیں) اور دلشان مدوشنکا (بائیں)، تصویر @OfficialSLC</p></div>

سری لنکائی گیندباز، کسون رجیتھا (دائیں) اور دلشان مدوشنکا (بائیں)، تصویر @OfficialSLC

user

تنویر

جنوبی افریقہ کو شکست دے کر عالمی کپ ٹورنامنٹ میں کھلبلی مچانے والی ٹیم نیدرلینڈس آج سری لنکا کے خلاف کوئی کمال نہیں دکھا سکی۔ حالانکہ کچھ مواقع پر ایسا ضرور لگا کہ نیدرلینڈس میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر سکتی ہے، لیکن سری لنکا کے مڈل آرڈر بلے بازوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 گیندیں باقی رہتے ٹیم کو 5 وکٹ سے جیت دلا دی۔

آج ٹاس نیدرلینڈس کے کپتان اسکاٹ ایڈوارڈس نے جیتا تھا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا کیونکہ نہ ٹیم کو بلے بازی میں اچھی شروعات مل سکی، اور نہ ہی آخر کے اوورس میں بعد کے بلے باز کوئی کمال دکھا سکا۔ درمیان کے اوورس میں سائبرانڈ (82 گیندوں پر 70 رن) اور لوگان وان ویک (75 گیندوں پر 59 رن) کے درمیان واحد ایسی شراکت داری دیکھنے کو ملی جو نیدرلینڈس کے اسکور کو قابل دفاع حد تک پہنچا سکی۔ ان دونوں کے درمیان 130 رنوں کی اہم شراکت داری ہوئی۔ ان کے علاوہ کولن ایکرمین نے 29 رنوں کا تعاون دیا، بقیہ بلے بازوں نے مایوس کیا۔ کسی طرح نیدرلینڈس کی ٹیم 49.4 اوورس کھیل سکی اور 262 رن بنا سکی۔


سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا اور کسون رجیتھا نے آج اپنی تیز گیندبازی سے نیدرلینڈس کے بلے بازوں کو خوب پریشان کیا۔ ان دونوں نے 4-4 وکٹ لیے اور مدوشنکا نے 9.4 اوورس میں 49 رن، جبکہ رجیتھا نے 10 اوورس میں 50 رن دیے۔ ایک وکٹ مہیش تیکشنا کے حصے میں آیا جنھوں نے 10 اوورس میں 44 رن دیے۔ باقی گیندبازوں کو وکٹ نہیں ملے لیکن کفایتی گیندبازی ہوئی۔ صرف چمیکا کرونارتنے ایسے گیندباز رہے جنھوں نے 9 اوورس میں 58 کے ساتھ 6 سے زیادہ فی اوور کے اوسط سے رن دیے۔

جب سری لنکائی بلے بازی شروع ہوئی تو کبھی بھی وہ دباؤ میں دکھائی نہیں دیے۔ حالانکہ شروع کے 3 وکٹ تھوڑے تھوڑے وقفہ پر ضرور گرے، لیکن آنے والے بلے بازوں نے وکٹ پر جم کر کھیلنے کی کوشش کی جس سے نیدرلینڈس کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صرف سلامی بلے باز کسل پریرا نے مایوس کیا جو محض 5 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پتھوم نسانکا نے 54 رن، چرتھ اسلانکا نے 44 رن اور دھننجے ڈی سلوا نے 30 رنوں کا تعاون کیا۔ سب سے اچھی بلے بازی سدیرا سمروکرما نے کی جنھوں نے 107 گیندوں پر 91 رن بنائے اور آخر تک آؤٹ نہیں ہوئے۔ انھیں اس بہترین کارکردگی کے لیے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ سری لنکا نے جیت کے لیے ضروری ہدف 48.2 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔


نیدرلینڈس کی گیندبازی کی بات کی جائے تو آرین دَت کے علاوہ کسی نے بھی سری لنکائی بلے باز کو پریشان نہیں کیا۔ آرین نے 10 اوورس میں 44 رن دے کر 3 وکٹ لیے۔ 1-1 وکٹ میکرین (8 اوورس میں 39 رن) اور ایکرمین (8.2 اوورس میں 39 رن) کو ملے۔ باس ڈی لیڈے آج کے میچ میں انتہائی مہنگے ثابت ہوئے کیونکہ انھوں نے 3 اوورس میں 29 رن خرچ کر دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔