وومنس ٹی-20 عالمی کپ: دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ نے ہندوستان کو 11 رنوں سے دی شکست

اسمرتی مندھانا 52 رن بنا کر جب پویلین لوٹیں تو ہندوستان کے لیے مشکلات اسی وقت نظر آنے لگی تھیں، وہ رِچا گھوش کے ساتھ بلے بازی کر رہی تھیں تو ہندوستان جیت کی طرف قدم بڑھاتا دکھائی دے رہا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

وومنس ٹی-20 عالمی کپ کرکٹ میچ میں آج ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کا زبردست مقابلہ کیا، لیکن آخر میں ہرمن پریت کور کی ٹیم 11 رنوں سے ہار گئی۔ ہندوستانی ٹیم کے سامنے 20 اوور میں 152 رن بنانے کا ہدف خاتون انگلش بلے بازوں نے دیا تھا، لیکن ہرمن پریت کور کی قیادت والی ٹیم 5 وکٹ کے نقصان پر محض 140 رن ہی بنا سکی۔ ہندوستان کے لیے اسمرتی مندھانا اور رِچا گھوش نے شاندار بلے بازی کی، لیکن یہ ٹیم کی جیت کے لیے کافی ثابت نہیں ہوئی۔

اسمرتی مندھانا 41 گیندوں پر 52 رن بنا کر جب پویلین لوٹیں تو ہندوستان کے لیے مشکلات اسی وقت دکھائی دینے لگی تھی۔ جب وہ رِچا گھوش کے ساتھ بلے بازی کر رہی تھیں تو ہندوستان جیت کی طرف قدم بڑھاتا ہوا دکھائی دے رہا تھا۔ مندھانا نے اپنی اننگ کے دوران 7 چوکے اور 1 چھکا لگایا۔ دوسری طرف رِچا گھوش نے محض 34 گیندوں پر 47 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آخر کے اوورس میں انھوں نے تیز بلے بازی کی لیکن دوسرے سرے سے انھیں کچھ خاص مدد نہیں مل سکی۔ رِچا گھوش نے اپنی اننگ کے دوران 4 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔


مندھانا اور رِچا کے علاوہ باقی ہندوستانی بلے بازوں نے بے حد مایوس کیا۔ اوپننگ بلے باز شیفالی ورما 8 رن، جیمما روڈرگز 13 رن، ہرمن پریت کور 4 رن اور دیپتی شرما 7 رن بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔ انگلینڈ کی گیندبازی کی بات کی جائے تو سارہ گلین نے سب سے زیادہ 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لارین بیل اور سوفی ایکسلیٹن کو 1-1 کامیابی ملی۔

اس سے قبل ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ نے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رن بنائے۔ نیٹ سیور برنٹ نے سب سے زیادہ 50 رن کا اسکور کیا جب کہ ایمی جونس نے 40 رنوں کی اننگ کھیلی۔ انگلینڈ کی کپتان ہیتھر نائٹ نے بھی 28 رنوں کی اہم اننگ کھیلی اور باقی بلے باز کچھ خاص اسکور نہیں کر پائے۔


ہندوستان کی طرف سے رینوکا ٹھاکر نے اپنی گیندبازی سے سبھی کو متاثر کیا۔ انھوں نے 4 اوور میں محض 15 رن دے کر 5 وکٹ حاصل کیے۔ ان کے علاوہ شکھا پانڈے اور دیپتی شرما کو 1-1 کامیابی حاصل ہوئی۔ شکھا پانڈے نے 4 اوور میں 20 رن خرچ کیے، جبکہ دیپتی شرما نے 4 اوور میں 37 رن دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔