خواتین کرکٹ عالمی کپ: ہندوستان کی سنسنی خیز مقابلہ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 6 وکٹ سے شکست

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے کپتان متالی راج (68)، ہرمن پریت کور (57) اور یستیکا بھاٹیہ (59) کی نصف سنچریوں کی بدولت 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 277 رنز کا مشکل ہدف بنایا۔

تصویر ٹوئٹر / @BCCIWomen
تصویر ٹوئٹر / @BCCIWomen
user

یو این آئی

آکلینڈ: کپتان میگ لیننگ (97) اور وکٹ کیپر ایلیسا ہیلی (72) کے شاندار اسکور کی بدولت آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے ہفتہ کو یہاں آئی سی سی 2022 خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ آسٹریلیا کی مسلسل پانچویں جیت ہے۔

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے کپتان متالی راج (68)، ہرمن پریت کور (57) اور یستیکا بھاٹیہ (59) کی نصف سنچریوں کی بدولت 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 277 رنز کا مشکل ہدف بنایا۔ نتیجہ خیز میچ ایک دلچسپ مقابلہ رہا، بالآخر چھ بار ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم نے چھ وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔


آسٹریلیا کے لیے کپتان لیننگ اپنی سنچری سے محروم رہیں لیکن انہوں نے 107 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 97 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جس کے لیے انہیں 'پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ان کے علاوہ ہیلی نے 65 گیندوں میں نو چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے۔ آخر میں بیتھ مونی نے 20 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ آسٹریلیا کو آخری اوور میں جیتنے کے لیے آٹھ رنز درکار تھے اور مونی نے جھولن گوسوامی پر دو چوکے مار کر میچ جیت لیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے ڈارسی براؤن اور الانا کنگ نے بالترتیب تین اور دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہندوستان کی جانب سے کپتان متالی نے 96 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 68، یستیکا نے چھ چوکوں کی مدد سے 83 گیندوں پر 59 اور ہرمن پریت نے چھ چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ بالنگ میں پوجا وستراکر نے 10 اوورز میں 43 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، اسنیہ رانا اور میگھنا سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی لگاتار پانچویں جیت ہے جب کہ ہندوستان کی تیسری شکست۔ آسٹریلیا اپنے پانچ میں سے پانچ میچ جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے اور پلے آف کے لیے کوالیفائی کرنے کے بہت قریب ہے۔ دوسری جانب ہندوستان پانچ میچوں میں دو جیت اور تین ہار کے ساتھ چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اب اگر ہندوستان پلے آف میں پہنچنا چاہتا ہے تو اسے یہاں سے ہر میچ جیتنا ضروری ہوگا۔ ہندوستان کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ ان کا نیٹ رن ریٹ اب بھی پلس میں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */