برائن لارا کے ریکارڈ 400 رنوں سے 33 رن پیچھے رہ گئے ویان مولڈر، کپتان نے خود ہی لیا اننگ ڈکلیئر کرنے کا حیران کن فیصلہ

برائن لارا نے سال 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ 400 رن بنائے تھے، ان کے اس ریکارڈ کو اب تک کوئی توڑ نہیں پایا ہے۔ مولڈر جو 367 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ان کے پاس اس ریکارڈ کو توڑنے کا بہترین موقع تھا۔

<div class="paragraphs"><p>ویان مولڈر، تصویر بشکریہ&nbsp;<a href="https://x.com/ProteasMenCSA">@ProteasMenCSA</a></p></div>

ویان مولڈر، تصویر بشکریہ@ProteasMenCSA

user

قومی آواز بیورو

پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کا خطاب جیتنے والی جنوبی افریقی ٹیم اب زمبابوے کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کو جیتنے کے بیحد قریب ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں شاندار جیت درج کرنے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی جنوبی افریقہ نے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ پہلی اننگ کے دوران جنوبی افریقہ کے کپتان ویان مولڈر نے اپنے ایک حیران کن فیصلہ سے سب کو سکتے میں ڈال دیا ہے۔ ان کے اس فیصلے سے ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز برائن لارا کا 21 سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹنے سے رہ گیا۔ ویان مولڈر نے جس وقت اننگ ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا اس وقت وہ برائن لارا کے ریکارڈ 400 رن سے محض 33 رن دور 367 رن پر بلے بازی کر رہے تھے۔

زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگ 5 وکٹ کے نقصان پر 626 رن بنا کر ڈکلیئر کر دیا۔ ٹیم کے کپتان ویان مولڈر 367 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ویان مولڈر جس طرح سے بلے بازی کر رہے تھے اس سے یہی لگ رہا تھا کہ وہ برائن لارا کے ٹیسٹ کرکٹ میں ناٹ آؤٹ 400 رن کے 21 سالہ پرانا ریکارڈ کو توڑ دیں گے۔ لیکن لنچ بریک کے دوران ہی کپتان ویان مولڈر نے حیران کرنے والا فیصلہ لیتے ہوئے اننگ ڈکلیئر کا اعلان کر دیا۔ ویان مولڈر نے 334 گیندوں میں 49 چوکے اور 4 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 367 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ واضح ہو کہ برائن لارا نے سال 2004 میں انگلینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ 400 رن بنائے تھے۔ ان کے اس ریکارڈ کو اب تک کوئی توڑ نہیں پایا ہے۔


واضح ہو کہ زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں بھی ویان مولڈر نے 147 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ انہوں نے 4 وکٹ بھی حاصل کیا تھا۔ ویان مولڈر نے اب تک 21 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، جس میں انہوں نے 38.43 کی اوسط سے 1153 رن بنائے ہیں، اس میں 3 سنچری اور 1 نصف سنچری شامل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے 35 وکٹ بھی حاصل کیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔