ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر رحکیم نے ٹی-20 میں بنا ڈالی ڈبل سنچری، 77 گیند میں بنائے 205 رن، لگائے 22 چھکے اور 17 چوکے

رحکیم کی تاریخی اننگ کی بدولت اٹلانٹا فائر کی ٹیم نے اسکوائر ڈرائیو کو 172 رنوں کے بڑے فرق سے ہرا دیا۔ اٹلانٹا فائر نے 20 اوور میں ایک وکٹ پر 326 رن بنائے تھے۔

رحکیم کارنوال
رحکیم کارنوال
user

قومی آوازبیورو

امریکہ میں کھیلے جا رہے اٹلانٹا اوپن ٹی-20 لیگ میں ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر رحکیم کارنوال نے دھماکہ دار بلے بازی کر کے تاریخی کارنامہ انجام دے دیا۔ انھوں نے 5 اکتوبر کو کھیلے گئے میچ میں محض 77 گیندوں میں 17 چوکے اور 22 چھکوں کی مدد سے 205 رن بنا ڈالے۔ 29 سالہ رحکیم کے بارے میں یہ بھی جاننا دلچسپ ہے کہ وہ دنیا کے سب سے وزن دار کرکٹ ہیں۔ ان کا وزن 140 کلو ہے۔

بہرحال، 6.6 فیٹ لمبے رحکیم کی تاریخی اننگ کی بدولت اٹلانٹا فائر کی ٹیم نے اسکوائر ڈرائیو کو 172 رنوں کے بڑے فرق سے ہرا دیا۔ اٹلانٹا فائر نے 20 اوور میں ایک وکٹ پر 326 رن بنائے۔ کارنوال کے علاوہ ٹیم کے لیے اسٹیون ٹیلر نے 18 گیندوں پر پانچ چھکے اور پانچ چوکے کی مدد سے 53 رن کی طوفانی پاری کھیلی۔ سمیع عالم نے بھی 29 گیندوں پر 53 رن بنائے۔ اسکوائر ڈرائیو ٹیم کو 327 رنوں کا ہدف ملا، لیکن اس نے 20 اوور میں 8 وکٹ پر صرف 154 رن بنائے۔ اسکوائر ڈرائیو کے لیے یشونت بالاجی نے 38 اور ورون سائی منتھا نے 36 رن بنائے۔ کارنوال نے پاری کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ڈبل سنچری مکمل کی۔ وہ 199 رن پر تھے جب انھوں نے چھکا لگایا اور ٹی-20 کرکٹ کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی۔


تین سال قبل ہندوستان کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے والے کارنوال آف اسپن گیندبازی کے ساتھ ساتھ تیز بلے بازی کے لیے مشہور ہیں۔ رحکیم ڈیبیو کے وقت اپنے موٹاپے کے سبب موضوع بحث بنے تھے۔ کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) اور گھریلو ٹورنامنٹ میں طوفانی مظاہرہ کرنے کے بعد انھیں قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ کارنوال نے اپنے کیریر میں 9 ٹیسٹ میچ کھیلے۔ اس دوران 238 رن بنانے کے ساتھ ساتھ 34 وکٹ بھی لیے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔