’ہمیں وَنڈے ٹیم میں ان کی ضرورت ہے‘، شبھمن گل نے روہت-وراٹ سے متعلق سوال پر دیا واضح جواب
شبھمن گل نے کہا کہ ’’روہت اور وراٹ بھائی نے ہندوستان کو کئی میچ جتائے ہیں۔ بہت ہی کم لوگوں کے پاس ایسی قابلیت ہے۔ ہمیں ان کی وَنڈے ٹیم میں ضرورت ہے۔‘‘

روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بارے میں جب سے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا ہے کہ ان دونوں نے 2027 عالمی کپ میں شرکت سے متعلق کوئی حتمی موقف پیش نہیں کیا ہے، تبھی سے روہت-وراٹ کے کیریئر کو لے کر کئی طرح کے سوالات کرکٹ شیدائیوں کے ذہن میں ابھرنے لگے ہیں۔ سب سے بڑا سوال تو یہی ہے کہ کیا روہت اور وراٹ عالمی کپ 2027 میں کھیلیں گے؟ اس تعلق سے ہندوستان کے ٹیسٹ اور وَنڈے کپتان شبھمن گل نے آج ایسا بیان دیا ہے جو کرکٹ شیدائیوں کے لیے کسی خوشخبری سے کم نہیں ہے۔
شبھمن گل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ سے ایک دن قبل ہوئی پریس کانفرنس میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے بارے میں بہت اہم بیان دیا ہے۔ انھوں نے روہت اور وراٹ سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ہندوستانی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے۔‘‘ شبھمن گل نے دونوں کھلاڑیوں کو ہندوستانی ٹیم کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ ’’روہت شرما اور وراٹ کوہلی بھائی نے ہندوستان کو کئی میچ جتائے ہیں۔ بہت ہی کم لوگوں کے پاس ایسی قابلیت اور تجربہ ہے۔ ہمیں ان کی وَنڈے ٹیم میں ضرورت ہے۔‘‘ شبھمن کا یہ بیان واضح اشارہ کرتا ہے کہ روہت اور وراٹ دونوں ہی عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم کی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
شبھمن گل نے اس پریس کانفرنس میں روہت شرما سے بہت کچھ سیکھنے کا ذکر بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ روہت شرما کی کپتانی سے بہت کچھ سیکھے ہیں، اور وہ بھی ان کی طرح کھلاڑیوں کے ساتھ دوستی اور ڈریسنگ روم میں پُرسکون ماحول بنائے رکھنا چاہیں گے۔ ساتھ ہی شبھمن نے کہا کہ وہ ہر فارمیٹ میں آئی سی سی ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا دورے پر وَنڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا جب اعلان ہوا تھا تو یہ جان کر ہندوستانی کرکت شیدائیوں کے پیروں تلے کی زمین کھسک گئی تھی کہ روہت شرما کپتانی سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ شبھمن گل کو ان کی جگہ وَنڈے ٹیم کا بھی کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے تو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ روہت اور وراٹ دونوں عالمی کپ 2027 میں کھیلیں گے، اس بات کی گارنٹی نہیں دی جا سکتی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔