کیا روہت شرما کو ہندوستانی ٹیم سے باہر کرنے کے لیے لایا گیا ’برونکو ٹیسٹ‘
منوج تیواری نے ’کرک ٹریکر‘ کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ برونکو ٹیسٹ یک روزہ کپتان روہت شرما کے لیے چیزوں کو مشکل بنا دے گا۔ 2027 عالمی کپ پلان سے وراٹ کو باہر کرنا مشکل ہوگا، لیکن روہت سے متعلق شبہ ہے۔

ہندوستانی کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں کی فٹ نس بنائے رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ فٹ نس کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہی ’برونکو ٹیسٹ‘ لانچ کیا جانے والا ہے۔ اس ٹیسٹ کو پاس کرنے کے بعد ہی کوئی بھی کھلاڑی ٹیم میں جگہ بنا پائے گا۔ اس خاص ٹیسٹ سے متعلق سابق ہندوستانی کرکٹر منوج تیواری نے ایک ایسا بیان سامنے آیا ہے جو روہت شرما کے شیدائیوں کو پریشان کر سکتا ہے۔
منوج تیواری نے دعویٰ کیا ہے کہ رگبی اسٹائل کا برونکو ٹیسٹ شروع کرنے کا فیصلہ روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر رکھنے کی ایک کوشش ہے۔ روہت شرما 38 سال کے ہو گئے ہیں اور وہ 2027 میں ہونے والے عالمی کپ تک کھیلنا چاہتے ہیں، لیکن اگر وہ برونکو ٹیسٹ میں ناکام ہو گئے تو انھیں ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
یہ تبصرہ منوج تیواری نے ’کرک ٹریکر‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیا ہے۔ ان کے مطابق برونکو ٹیسٹ یک روزہ کپتان روہت شرما کے لیے چیزوں کو مشکل بنا دے گا۔ انھوں نے کہا کہ ’’2027 عالمی کپ کے منصوبہ سے وراٹ کو باہر کرنا مشکل ہوگا، لیکن مجھے شبہ ہے کہ روہت کو اس منصوبہ میں شاید ہی شامل کیا جائے گا۔ کیونکہ ہندوستانی کرکٹ میں جو کچھ بھی میں دیکھ رہا ہوں اس سے یہی لگتا ہے۔ میرا ماننا ہے کہ برونکو ٹیسٹ جو کچھ دن پہلے ہی شروع کیا گیا تھا، وہ روہت شرما جیسے کھلاڑیوں اور ایسے لوگوں کے لیے جنھیں ٹیم مینجمنٹ مستقبل میں ٹیم کا حصہ نہیں بنانا چاہتا۔‘‘
منوج تیواری نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’آپ جانتے ہیں کہ برونکو ٹیسٹ کافی مشکل فٹ نس ٹیسٹ میں سے ایک ہے۔ لیکن واحد سوال یہ ہے کہ اسے ابھی کیوں لایا جا رہا ہے۔ جب آپ کے نئے ہیڈ کوچ کو پہلی سیریز سے یہ ذمہ داری ملی تھی، تب کیوں اسے لانچ نہیں کیا گیا۔ یہ کس کی سوچ ہے، اسے کس نے شروع کیا، کچھ دن قبل کس نے اس ٹیسٹ کو نافذ کیا؟ یہ ایسا سوال ہے جس کا جواب میرے پاس نہیں ہے، لیکن اگر دیکھا جائے تو روہت اگر اپنی فٹ نس پر سخت محنت نہیں کرتے ہیں تو یہ ان کے لیے مشکل ہونے والا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ برونکو ٹیسٹ میں انھیں روک دیا جائے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ برونکو ٹیسٹ رگبی کھیل میں استعمال ہونے والا فٹ نس ٹیسٹ ہے۔ یہ ’یو-یو‘ ٹیسٹ سے زیادہ مشکل بتایا جاتا ہے۔ برونکو ٹیسٹ میں 20 میٹر، 40 میٹر اور 60 میٹر کی کئی شٹل دوڑ شامل ہوتی ہیں، جنھیں کھلاڑیوں کو ایک طے مدت میں پوری کرنی ہوتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اینڈریو لی رو نے اس کا مشورہ دیا تھا، کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ تیز گیندباز اور دوسرے کھلاڑی جِم سے زیادہ دوڑنے پر توجہ دیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔