ٹی -20 کرکٹ: کوہلی کا صفر کے ساتھ عالمی ریکارڈ

ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں وراٹ کوہلی سے قبل سب سے زیادہ اننگوں کے بعد پہلا صفر حاصل کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے شعیب ملک کے پاس تھا۔

Getty Images
Getty Images
user

سید پرویز قیصر

آسڑیلیا کے خلاف گوہاٹی میں کھیلے گئے دوسرے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی دوسری بال پر صفر پر آوٹ ہوئے جو52 ویںٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کی48 ویں اننگ میں انکا پہلا صفر تھا۔ وراٹ کوہلی نے پہلی 47 اننگوں میں کوئی صفر حاصل نہیں کیا اورٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں صفر کے بغیر سب سے زیادہ اننگیں کھیلنے والے کھلاڑی بنے۔ انہوں نے اپنا پہلاٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ12 جون2010 کو زمبابوے کے خلاف ہرارے میں کھیلا تھا جس میں آوٹ ہوئے بغیر26 رن بنائے تھے۔اس میچ کے بعد انہوں نے جو 46 اننگیں کھیلی تھیں اس میں وہ صرف چھ اننگوں میں دس سے کم اسکور کرنے میں کامیاب رہے تھے۔

آسڑیلیا کے تیز بالرجیسن بہرنڈروف نے ہندوستانی کپتان کو دوسری ہی بال پر آوٹ کردیا۔جیسن بہرنڈروف کا یہ دوسرا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ تھا۔ انہوں نے اپنے پہلے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں صرف ایک اوور کرایا تھا۔ اس قسم کے کرکٹ میں دوسرے اوور میں وہ دو وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔ چوتھی بال پر انہوں نے روہت شرما کو ایل بی ڈبلیو کرنے کے بعد چھٹی بال پر وراٹ کوہلی کا وکٹ حاصل کیا۔ وراٹ کوہلی کو جیسن بہرنڈروف نے اپنی ہی بال پر کیچ کیا۔

جیت کے بعد وراٹ کوہلی اور شکھر دھون جشن مناتے ہوئے، تصویر یو این آئی
جیت کے بعد وراٹ کوہلی اور شکھر دھون جشن مناتے ہوئے، تصویر یو این آئی

ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں وراٹ کوہلی سے قبل سب سے زیادہ اننگوں کے بعد پہلا صفر حاصل کرنے کا ریکارڈ پاکستان کے شعیب ملک کے پاس تھا جو41ویں اننگ میں پہلی مرتبہ صفر کا شکار ہوئے تھے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے شعیب ملک نے اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ انگلینڈ کے خلاف برسٹل میں28 اگست2006 کو کھیلا تھا۔ اس میچ میں انہوں نے16 رن بنائے تھے جس کے بعد کوئی بالر انہیں39 اننگوں میں صفر پر آوٹ نہیں کرسکا۔آسڑیلیا کے خلاف دوبئی میں10ستمبر2012 تیز بالر پیٹ کیمنس نے انہیں پہلی مرتبہ صفر پر آوٹ کیا۔

شعیب ملک نے ابھی تک جو89ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی83 اننگوں میں صرف ایک مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھولا ہے۔ انہوں نے28.65 کی اوسط اور116.70 کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ1473 رن بنائے ہیں جس میں پانچ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

ہندوستان کے یوراج سنگھ نے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلا صفر40 ویں اننگ میں حاصل کیا تھا۔ انہوں نے اپنا پہلا ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ اسکاٹ لینڈ کے خلاف ڈربن میں13 ستمبر2007 کو کھیلا تھا اور وہ پہلی مرتبہ سری لنکا کے خلاف رانچی میں12 فروری 2016 کو صفر کا شکار ہوئے تھے۔ ابھی تک یوراج سنگھو58ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں انکی51 اننگوں میں صرف ایک مرتبہ اپنا کھاتہ نہیں کھولا ہے۔ انہوں نے28.02 کی اوسط اور136.38 کے اسڑائیک ریٹ کے ساتھ1177 رن بنائے ہیں جس میں آٹھ نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 11 Oct 2017, 5:48 PM