ویراٹ کا خواب چکناچور کرکے کولکتہ دوسرے کوالیفائر میں

شکست کے ساتھ ویراٹ کا بنگلورو کو ایک بار اپنی کپتانی میں چیمپئن بنانے کا خواب چکنا چور ہو گیا ۔ ویراٹ کی کپتانی میں بنگلورو کبھی بھی آئی پی ایل کا خطاب نہیں جیت سکا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کیریبین آل راؤنڈر سنیل نارائن (21 رن پرچار وکٹ اور 26 رن) کی بہترین کارکردگی کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو پیر کے روز چار وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل کے دوسرے کوالیفائر میں جگہ بنا لی ، جہاں بدھ کے روز اس کا مقابلہ دہلی کیپٹلز سے ہو گا ۔

اس شکست کے ساتھ ویراٹ کا بنگلورو کو ایک بار اپنی کپتانی میں چیمپئن بنانے کا خواب چکنا چور ہو گیا ۔ ویراٹ کی کپتانی میں بنگلورو کبھی بھی آئی پی ایل کا خطاب نہیں جیت سکا۔ ویراٹ اس ٹورنامنٹ کے بعد آئی پی ایل ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد وہ ہندوستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دیں گے۔


کولکتہ نے بنگلورو کو 20 اوور میں سات وکٹوں پر 138 رن پر روکنے کے بعد 19.4 اوور میں چھ وکٹوں پر 139 رن بنا کر جیت حاصل کی ۔ کولکتہ کا بدھ کو ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں شارجہ میں دہلی کیپیٹلز کے ساتھ مقابلہ ہو گا اور فاتح ٹیم فائنل میں چنئی سپر کنگز سے لڑے گی ۔

کولکتہ نے بنگلورو کو 138 پر روکا

کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اسپنر سنیل نارائن نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے 21 رن پر چار وکٹ لے کر رائل چیلنجرز بنگلورو کو آئی پی ایل کے ایلیمینیٹر میچ میں پیر کے روز 20 اوورمیں سات وکٹ پر 138 کے عام سکور پر روک دیا تھا۔


بنگلور کے کپتان ویراٹ کوہلی نے 33 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 39 رن بنائے۔ ویراٹ کونارائن نے ٹیم کے 88 اسکور پرتیسرے بلے باز کے طور پر بولڈ کیا ۔ ویراٹ نے دیودت پڈیکل کے ساتھ اوپننگ شراکتداری میں 49 رن جوڑے ۔ پیڈیکل 18 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 21 رن بنا کر لوکی فرگوسن کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ شریکر بھرت 16 گیندوں پر نو رن بناکر نارائن کی گیند پر بڑا شارٹ لگانے کی کوشش میں وینکٹیش ایئر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔ بھرت کی وکٹ 69 پر اور ویراٹ کی وکٹ 88 پر گری۔

گلین میکس ویل 18 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 15 رن بنا کر نارائن کا چوتھا شکار بنے ۔ اس سے قبل نارائن نے ایبی ڈی ویلیئرز کو بولڈ کر کے پویلین بھیجا تھا۔ ڈی ولیئرز نے نو گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 11 رن بنائے۔ شہباز احمد 14 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 13 رن بنا کر فرگوسن کا دوسرا شکار بن گئے۔ ڈینیل کرسچین آٹھ گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 9 رن بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ ہرشل پٹیل چھ گیندوں پر آٹھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کولکتہ کی جانب سے نارائن نے چار اوور میں 21 رن پر چار وکٹ اور فرگوسن نے چار اوور میں 30 رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔