سابق آسٹریلیائی کرکٹر شین وارن کا 52 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال

دنیائے کرکٹ کے لیے انتہائی غمناک خبر سامنے آئی ہے، کرکٹ کے مشہور کھلاڑی سابق آسٹریلیائی اسپن گیندباز شین وارن کا انتقال ہو گیا ہے، بتایا جا رہا ہے کہ انھیں اچانک دل کا دورہ پڑا تھا۔

شین وارن
شین وارن
user

قومی آوازبیورو

آسٹریلیا کے مایہ ناز سابق کرکٹر شین وارن کا 52 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں شدید دل کا دورہ پڑا تھا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔ یہ اطلاع فاکس اسپورٹس نے دی ہے۔ اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد کرکٹ اور دوسرے شعبہ سے جڑی ہستیوں کے ذریعہ تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

کرکٹ کے اس عظیم کھلاڑی کو کلائی کا جادوگر کہا جاتا تھا۔ شین وارن کی ایک گیند جس پر انھوں نے انگلینڈ کے کھلاڑی مائک گیٹنگ کو بولڈ کیا تھا، اس گیند کو تاریخ کی بہترین گیند قرار دیا گیا۔ دراصل 1993 کے ایشیز سیریز کے دوران مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میں مائک گیٹنگ کے خلاف شین وارن گیندبازی کر رہے تھے۔ انھوں نے ایک ایسی گیند ڈالی جو لیگ اسٹمپ سے باہر تھی، لیکن اتنی اسپن ہوئی کہ آخر میں وکٹ سے جا لگی۔ اس گیند کے بعد سے ہی وارن دنیا میں مشہور ہو گئے۔ وارن نے اپنے 145 میچوں کے ٹیسٹ کیریر میں 708 وکٹ لیے، جو متھیا مرلی دھرن (800 وکٹ) کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ہے۔


وارن کے مینجمنٹ کے ذریعہ فاکس نیوز کو دیے گئے ایک بیان کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک شدید دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’وارن اپنے وِلا میں بیہوش پائے گئے اور تمام کوششوں کے باوجود بھی انھیں ہوش میں نہیں لایا جا سکا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’فیملی اس وقت کچھ بھی بولنے کی حالت میں نہیں ہے اور وہ اس خبر سے صدمے میں ہے۔‘‘

واضح رہے کہ وارن نے 1992 میں سڈنی میں ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور اس کے بعد آئندہ سال مارچ میں ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف یک روزہ میچ میں ڈیبیو کیا تھا۔ وزڈن کی سنچری کے پانچ کرکٹروں میں سے ایک منتخب کیے گئے وارن نے اپنے وَںڈے کیریر کا اختتام 293 وکٹ کے ساتھ کیا۔ انھوں نے 1999 میں آسٹریلیا کی یک روزہ عالمی کپ جیت میں بھی اہم کردار نبھایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔