ایشیا کپ 2025 کے درمیان ورون چکرورتی نے لہرایا ہندوستان کا پرچم، ٹی-20 میں بنے دنیا کے نمبر-1 گیندباز
آئی سی سی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی اسپنر ورون چکرورتی کو 2025 میں شاندار کارکردگی کا انعام ملا ہے اور وہ آئی سی سی مینس ٹی-20 بین الاقوامی پلیئر رینکنگ میں نمبر 1 گیندباز بن گئے ہیں۔‘‘

ایک طرف کرکٹ شیدائی ’ایشیا کپ 2025‘ کے خمار میں ڈوبے ہوئے ہیں، اور دوسری طرف ہندوستانی شیدائیوں کے لیے ورون چکرورتی نے یہ ٹورنامنٹ جیتنے سے پہلے ہی جشن منانے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ ہندوستان کے اس مسٹری اسپنر نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ٹی-20 گیندبازوں کی رینکنگ میں پہلی بار نمبر-1 مقام حاصل کر لیا ہے۔ یہ کامیابی حاصل کرنے والے وہ ہندوستان کے محض تیسرے گیندباز ہیں۔
آئی سی سی نے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا ہے کہ ’’ہندوستان کے اسپنر ورون چکرورتی کو 2025 میں مستقل شاندار کارکردگی کا انعام ملا ہے، اور وہ آئی سی سی مینس ٹی-20 بین الاقوامی پلیئر رینکنگ میں نمبر 1 گیندباز بن گئے ہیں۔‘‘ چکرورتی سے قبل ٹی-20 بین الاقوامی گیندبازی رینکنگ میں ٹاپ پر پہنچنے والے 2 ہندوستانی گیندباز جسپریت بمراہ اور روی بشنوئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 34 سالہ چکرورتی گزشتہ ایک سال سے ہندوستان کی ٹی-20 ٹیم میں مستقل کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے لگاتار بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے ٹیم کے لیے اہم کردار نبھایا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے نیوزی لینڈ کے تیز گیندباز جیکب ڈفی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے رینکنگ میں اعلیٰ مقام حاصل کیا۔ ورون نے اب تک ہندوستان کے لیے 20 ٹی-20 میچ میں 35 وکٹ لیے ہیں۔ اس دوران ان کا اکونومی ریٹ 6.83 کا رہا ہے۔ 17 رن دے کر 5 وکٹ ان کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔ ورون 4 یک روزہ میچ بھی کھیل چکے ہیں، جس میں انھیں 10 وکٹ حاصل ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔