ورون چکرورتی نے 143 گیند بازوں کو چھوڑا پیچھے، ون ڈے رینکنگ میں اپنے کیریئر کے بہترین مقام پر پہنچے
ورون چمپئنز ٹرافی میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے گیند بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ان سے زیادہ وکٹیں صرف نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری اور ہم وطن محمد شامی نے حاصل کی ہیں۔

وکٹ لینے کے بعد خوشی مناتے ہوئے ورون چکرورتی
ہندوستانی اسپن گیندباز ورون چکرورتی نے کرکٹ کی دنیا میں اپنی شاندار کارکردگی کے مظاہرے کی بنیاد پر بہت کم عرصے میں ہی کافی نام حاصل کر لیا ہے۔ ورون چکرورتی نے آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ گیند بازوں کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں 143 گیند بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے اسپنر ورون چکرورتی ان دنوں چمپئنز ٹرافی 2025 میں کھیل رہے ہیں۔ انہیں اب تک ٹورنامنٹ میں صرف 2 میچوں میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔ ورون نے 2 میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
چمپئنز ٹرافی 2025 میں ورون نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار گیندبازی کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، اور اس میچ کے لیے انہیں مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔ آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل کے اہم مقابلے میں بھی ورون نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 2 میچوں میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ورون ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ حاصل کرنے والے گیند بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں ان سے زیادہ وکٹیں صرف نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری اور ہم وطن محمد شامی نے حاصل کی ہیں۔ حالانکہ محمد شامی اور میٹ ہینری نے ورون سے زیادہ مقابلے کھیلے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ گیند بازوں کی حالیہ ون ڈے رینکنگ میں ورون چکرورتی 143 مقامات کی زبردست چھلانگ لگا کر ٹاپ 100 میں شامل ہو گئے ہیں۔ ورون چکرورتی گیند بازوں کی ون ڈے رینکنگ میں 97ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ اگر ٹاپ 10 ون ڈے گیند بازوں کی بات کی جائے تو سری لنکا کے اسپن گیندباز مہیش تیکشنا 680 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 1 نمبر پر قائم ہیں۔ جنوبی افریقہ کے اسپن گیند باز کیشو مہاراج 2 مقام کے فائدے کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اگر تیسرے نمبر کی بات کی جائے تو نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری 3 مقام کے فائدے کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کے ٹاپ 10 میں ہندوستان کی جانب سے صرف کلدیپ یادو شامل ہیں۔ چائنا مین کلدیپ یادو تازہ رینکنگ میں 3 مقام کے نقصان کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ تیز گیند باز محمد شامی چمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جس کا ان کو انعام ملا ہے۔ وہ 3 مقام کے فائدے کے ساتھ 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ 13 ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ وہیں چمپئنز ٹرافی 2025 میں جگہ پانے میں ناکام محمد سراج 2 مقام کے نقصان کے ساتھ 14 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔