ویبھو سوریہ ونشی انگلینڈ دورہ اور آئندہ آئی پی ایل سیزن کے لیے پُرجوش، اپنی تیاریوں کے بارے میں دی تفصیلی جانکاری
ٹی-20 میں شاندار ریکارڈ رکھنے والے ویبھو کی فرسٹ کلاس کرکٹ اور لسٹ اے کی کارکردگی بے حد خراب ہے۔ لسٹ اے کے 6 میچز میں 22 کی اوسط سے 132 رن اور فرسٹ کلاس میں 10 کی اوسط سے صرف 100 رن ہی ہیں۔
ویبھو سوریہ ونشی، تصویر@IPL
آئی پی ایل 2025 کے 18ویں سیزن میں 35 گیندوں میں سنچری لگا کر راتوں رات اسٹار بن جانے والے ویبھو سوریہ ونشی اب انگلینڈ دورہ کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ آئی پی ایل کے رواں سیزن کے ’بیسٹ اسٹرائیکر‘ ویبھو سوریہ ونشی انگلینڈ دورہ پر جانے والی انڈر 19 ٹیم کے ایک اہم رکن ہیں۔ انگلینڈ دورہ سے قبل ویبھو سوریہ ونشی نے ’آئی پی ایل ویب سائٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ انگلینڈ دورہ کے لیے ان کی کیا حکمت عملی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے آئی پی ایل 2025 کی اپنی کارکردگی کے بارے میں بھی بات کی۔
ویبھو نے ’آئی پی ایل ویب سائٹ‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ سال دوگنی محنت کر کے آئی پی ایل میں اتریں گے۔ ان کا واحد مقصد ہوگا راجستھان کو فائنل میں پہنچانا اور خطاب کو اپنے نام کرنا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’پہلی بار انگلینڈ جا رہا ہوں وہاں کی کنڈیشن میں پہلی بار کھیلوں گا، پچ دیکھوں گا۔ آیوش مہاترے ہمارے کپتان ہیں۔ ٹیم کی اچھی تیاری ہے، کوشش ہوگی کہ انگلینڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی لے کر آئیں۔‘‘ ویبھو سوریہ ونشی نے مزید کہا کہ ’’آئی پی ایل 2025 میں کھیلنا خواب پورا ہونے جیسا رہا۔ رواں سیزن میں مجھ سے کچھ غلطیاں ہوئی ہیں، کوشش کریں گے آئندہ سیزن میں ان کو دوہراؤں۔ واضح ہو کہ انڈیا انڈر-19 ٹیم انگلینڈ میں 5 ایک روزہ میچ اور 2 یوتھ ٹیسٹ کھیلے گی۔
قابل ذکر ہے کہ ٹی-20 میں ویبھو سوریہ ونشی کا ریکارڈ کافی شاندار ہے۔ لیکن فرسٹ کلاس کرکٹ اور لسٹ اے میں ان کی کارکردگی بے حد خراب ہے۔ انہوں نے لسٹ اے کے 6 میچز میں 22 کی اوسط سے 132 رن بنائے ہیں۔ اگر فرسٹ کلاس کرکٹ کی بات کی جائے تو ویبھو سوریہ ونشی 10 کی اوسط سے صرف 100 رن ہی بنا پائے ہیں۔ ایسے میں انگلینڈ دورہ آئی پی ایل کے ہیرو کے لیے آسان نہیں ہوگا۔ وہاں ان کو لمبے فارمیٹ کے مطابق خود کو ڈھال کر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔