ویبھو سوریہ ونشی اور مشیر خان انگلش گیندبازوں کی خوب کر رہے دھنائی، چھکوں اور چوکوں کی ہو رہی بارش
مشیر خان نے تو ممبئی امرجنگ کے لیے اب تک کھیلے گئے 3 میچوں میں ہی 402 رن بنا دیے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مشیر نے ان تینوں ہی میچوں میں سنچری بنائی ہے۔

(دائیں) مشیر خان اور (بائیں) ویبھو سوریہ ونشی
ہندوستان کے نوجوان بلے بازوں ویبھو سوریہ ونشی اور مشیر خان نے انگلینڈ میں تہلکہ مچا رکھا ہے۔ 14 سالہ ویبھو اور 20 سالہ مشیر نے انگلش گیندبازوں کی ایسی دھنائی کر رکھی ہے کہ میچ دیکھنے والا عش عش کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک طرف شبھمن گل کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو برمنگھم ٹیسٹ میں تاریخی شکست دے کر ٹیسٹ سیریز میں 1-1 کی برابری کر لی ہے، اور دوسری طرف جونیئر کھلاڑیوں کی کارکردگی بھی لائق تحسین ہے۔
ویبھو سوریہ ونشی تو ہر میچ میں طوفانی رخ اختیار کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، اور ان کے اسی انداز کی بدولت انگلینڈ میں ہندوستان کی ایک سیریز میں فتح بھی ہو چکی ہے۔ ویبھو ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم کے ساتھ انگلینڈ پہنچے ہوئے ہیں، جبکہ مشیر خان ممبئی امرجنگ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ دورے پر ہیں۔
ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم نے انگلینڈ کی انڈر-19 ٹیم کے خلاف کھیلی گئی 5 میچوں کی وَنڈے سیریز 2-3 سے جیت لی ہے۔ ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم کی اس جیت میں ویبھو سوریہ ونشی کا بڑا کردار رہا۔ پہلی 2 اننگز میں نصف سنچری سے محروم رہنے والے ویبھو نے تیسرے اور چوتھے وَنڈے میں طوفانی اننگ کھیلی۔ انھوں نے تیسرے ونڈے میں 31 گیندوں میں 86 رن بنائے۔ ویبھو کی اس اننگ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں انھوں نے پہلی 8 گیندوں پر محض 10 رن بنائے تھے۔ پھر اگلی 22 گیندوں پر انھوں نے 76 رن بنا ڈالے۔ ان کی اس اننگ میں 9 چھکے شامل تھے۔
تیسرے وَنڈے میں سنچری سے محروم رہ جانے والے ویبھو نے اس کمی کو چوتھے ونڈے میں پورا کیا۔ اس میچ میں انھوں نے 52 گیندوں میں سنچری بنا کر یک روزہ کرکٹ میں 12 سال قبل بنے ایک عالمی ریکارڈ کو توڑ دیا۔ چوتھے ونڈے میں ویبھو کی اننگ 78 گیندوں کی رہی، جس میں انھوں نے 143 رن 10 چھکوں کی مدد سے بنائے۔ آخری، یعنی پانچویں وَنڈے میں ویبھو پھر ایک بار زیادہ بڑا اسکور نہیں بنا سکے، لیکن اس کے باوجود نہ تو رن کے معاملے میں، نہ چھکوں کے معاملے میں اور نہ ہی اسٹرائیک ریٹ کے معاملے میں کوئی بلے باز ان سے آگے رہا۔ ویبھو نے انگلینڈ کی انڈر-19 ٹیم کے خلاف کھیلے گئے 5 وَنڈے کی 5 اننگ میں 29 چھکوں اور 30 چوکوں کے ساتھ 355 رن بنائے۔ اس دوران ان کا اوسط 71 کا، جبکہ اسٹرائیک ریٹ 174.01 کا رہا۔ ویبھو اس انڈر-19 وَنڈے سیریز میں 350 سے زیادہ رن بنانے والے تنہا بلے باز رہے۔
مشیر خان کی بات کی جائے تو انھوں نے امرجنگ ممبئی کے لیے اب تک کھیلے گئے 3 میچوں میں ہی 402 رن بنا ڈالے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مشیر نے تینوں ہی میچوں میں سنچری اسکور کی ہے۔ پہلی سنچری (123 رن) انھوں نے 30 جون کو ناٹنگھم شائر سیکنڈ الیون کے خلاف 14 چوکوں کے ساتھ بنائی۔ اس کے بعد 3 جولائی کو مشیر خان نے 11 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے چیلنجرس ٹیم کے خلاف 125 رن کی اننگ کھیلتے ہوئے بنائی، جبکہ تیسری سنچری انھوں نے 7 جولائی کو بنائی، جب انھوں نے 105.48 کی اسٹرائیک ریٹ سے 146 گیندوں پر 154 رن بنا ڈالے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔