انڈر-19 عالمی کپ: ہندوستانی ٹیم پر کورونا کا قہر، کپتان سمیت 6 کھلاڑی پازیٹو

دھُل اور رشید جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے مقابلے میں کھیلے تھے، لیکن آرادھیا اس میچ کا حصہ نہیں تھے، دھُل کی غیر موجودگی میں نشانت سندھو ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انڈر-19 عالمی کپ کے دوران ہندوستانی ٹیم کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب کپتان یش دھُل، نائب کپتان شیخ رشید اور ٹیم کے دیگر چار کھلاڑی کووڈ-19 پازیٹو پائے گئے۔ اس خبر کے بعد انھیں بدھ کے روز آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے عالمی کپ کے گروپ بی میچ سے باہر رہنا پڑا۔ دھُل اور رشید کے علاوہ بلے باز آرادھیا یادو، واسو وَتس، مانو پرکھ اور سدھارتھ یادو بھی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں جس کے سبب ہندوستانی ٹیم آئرلینڈ کے خلاف بمشکل 11 کھلاڑیوں کو اتار پائی۔

ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایکا فسر نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ہندوستان کے تین کھلاڑی کل پازیٹو پائے گئے اور انھیں پہلے ہی کوارنٹائن میں بھیج دیا گیا تھا۔ صبح میچ سے پہلے ہمارے کپتان اور نائب کپتان بھی ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ میں پازیٹو پائے گئے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’اس لیے احتیاطاً انھیں مقابلے سے ہٹا دیا گیا۔ ان کھلاڑیوں میں کپتان یش دھُل اور نائب کپتان شیخ رشید بھی شامل ہیں۔ ہمارے پاس صرف 11 کھلاڑی دستیاب ہیں اور 6 کھلاڑی کوارنٹائن میں ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ دھُل اور رشید جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے مقابلے میں کھیلے تھے، لیکن آرادھیا اس میچ کا حصہ نہیں تھے۔ دھُل کی غیر موجودگی میں نشانت سندھو ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ہندوستان کو ہفتہ کے روز یوگانڈا سے مقابلہ کرنا ہے اور دیکھنا ہوگا کہ وہ میچ ہو پاتا ہے یا نہیں۔ ٹورنامنٹ سے پہلے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی انٹگریٹیڈ یونٹ کے سربراہ الیکس مارشل نے کہا تھا کہ ٹیم میں پازیٹو پی سی آر ریزلٹ کا مطلب یہ نہیں کہ مقابلے کو از خود ملتوی یا رد کر دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔