انڈر-19 ایشیا کپ: سری لنکا کو 8 وکٹ سے شکست دے کر ہندوستان فائنل میں، اتوار کو پاکستان سے ہوگا خطابی مقابلہ
بارش کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب میچ میں 30-30 اوورس کی تخفیف کی گئی تھی۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بلے بازی کرنے کہا، جس نے مقررہ 20 اوورس میں 138 رن بنائے تھے۔

ہندوستان نے دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ پر جمعہ کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلہ میں سری لنکا کے خلاف جیت درج کرتے ہوئے مینس انڈر-19 ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ خطابی مقابلے میں اتوار کو ہندوستانی ٹیم کا سامنا اسی میدان پر پاکستان سے ہوگا۔ آج ہی کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
بارش کے بعد گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں 30-30 اوورس کی تخفیف کی گئی تھی۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بلے بازی کے لیے مدعو کیا، جس نے 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 138 رن بنائے۔ سری لنکائی ٹیم کی طرف سے چامیکا ہیناتگلا نے 38 گیندوں میں 42 رن بنائے، جبکہ کپتان ویمتھ دنسارا نے 29 گیندوں میں 32 رنوں کی اننگ کھیلی۔ ان کے علاوہ سیٹھ میکا سینیویرتنے نے 30 رن کا تعاون کیا۔ ہندوستان کی طرف سے ہینل پٹیل اور کنشک چوہان نے 2-2 وکٹ نکالے، جبکہ کشن کمار سنگھ، دیپیش دیویندرن اور کھیلن پٹیل نے 1-1 وکٹ حاصل کیا۔
جواب میں ہندوستانی ٹیم نے 18 اوورس میں 8 وکٹ باقی رہتے ہی جیت درج کر لی۔ ہندوستانی ٹیم 25 کے اسکور تک سلامی جوڑی کا وکٹ گنوا چکی تھی۔ یہاں سے آرون جارج (ناٹ آؤٹ 58 رن) نے ویہان ملہوترا (ناٹ آؤٹ 61 رن) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 87 گیندوں میں 114 رنوں کی اٹوٹ شراکت داری کرتے ہوئے ہندوستان کو آسان جیت دلائی۔ بہترین بلے بازی کے لیے ویہان ملہوترا کو پلیئر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بنگلہ دیش کی طرف سے دونوں وکٹ رستھ نمسارو کے ہاتھ لگے۔
دوسری طرف ’دی سیونس اسٹیڈیم‘ میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل مقابلہ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ بارش سے متاثر اس مقابلے میں 23-23 اوورس کی تخفیف کی گئی تھی۔ ٹاس ہار کر بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیشی ٹیم 26.3 اوورس میں 121 رن پر سمٹ گئی۔ اس ٹیم کے لیے سمیع البصیر رتل نے سب سے زیادہ 33 رن بنائے، جبکہ کپتان عزیز التمیم نے 20 رنوں کا تعاون کیا۔ پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے 20 رن دے کر 4 وکٹ حاصل کیے، جبکہ حذیفہ احسان نے 2 وکٹ نکالے۔
جواب میں پاکستان نے 16.3 اوورس میں جیت درج کر لی۔ پہلے ہی اوور میں وکٹ گنوانے کے بعد پاکستان نے میچ میں شاندار واپسی کی۔ عثمان خان نے سمیر منہاس کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 85 رنوں کی شراکت داری کی، جس سے ٹیم کو مضبوطی ملی۔ عثمان 27 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد سمیر نے احمد حسین کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لیے 36 رنوں کی اٹوٹ شراکت داری کر پاکستان کو آسان جیت دلائی۔ سمیر 57 گیندوں میں 8 باؤنڈری کے ساتھ 69 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔