انڈر-19 ایشیا کپ: ہندوستان نے یو اے ای کو 234 رنوں سے دی شرمناک شکست، ویبھو سوریہ ونشی نے بنائے طوفانی 171 رن
ویبھو سوریہ ونشی نے محض 56 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ 95 گیندوں میں انھوں نے 171 رن بنائے، جس نے میچ کو ایک طرح سے یکطرفہ بنا دیا۔ انھوں نے 14 چھکے اور 9 چوکے لگائے۔

ہندوستان نے انڈر-19 ایشیا کپ میں یو اے ای کو 234 رنوں کے بڑے فرق سے شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز طوفانی انداز میں کر دیا ہے۔ ویبھو سوریہ ونشی کی 171 رنوں کی تاریخی اننگ کی بدولت ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 433 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا۔ اس کے جواب میں یو اے ای کی ٹیم مقررہ 50 اوورس میں 199 رن ہی بنا پائی۔
یہ انڈر-19 ایشیا کپ 2025 کا پہلا میچ تھا، اور اس میں ہندوستانی کپتان آیوش مہاترے فلاپ ثابت ہوئے۔ انھوں نے محض 4 رن بنائے، لیکن ویبھو نے کرکٹ شیدائیوں کو اپنی بلے بازی سے خوب محظوظ کیا۔ انھوں نے 95 گیندوں میں 171 رن بنائے، جس میں 14 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ وہ بہت بڑے انفرادی اسکور کی طرف بڑھ گئے تھے، لیکن 33ویں اوور میں وہ اُدیش سری کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ لیکن آؤٹ ہونے سے پہلے وہ ٹیم کو ایک بڑے اسکور کی طرف گامزن کر چکے تھے۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو ٹیم نے 32.5 اوورس میں 265 رن بنا لیے تھے۔
ہندوستان کی طرف سے وِہان ملہوترا اور آرون جارج نے 69-69 رنوں کی اننگ کھیلی، جس سے ہندوستانی ٹیم کو 400 کے پار پہنچنا آسان ہو گیا۔ ویدانت ترویدی نے 38 رن، ابھگیان کنڈو نے ناٹ آؤٹ 32 رن اور کنشک چوہان نے 12 گیندوں پر تیز طرار 28 رنوں کا تعاون کیا۔ ہندوستان نے اس میچ میں انڈر-19 وَنڈے کرکٹ تاریخ کا تیسرا سب سے بڑا اسکور کھڑا کیا۔ ساتھ ہی یو اے ای کو 234 رنوں سے شکست دے کر ہندوستان نے انڈر-19 وَنڈے تاریخ میں رنوں کی اپنی چوتھی سب سے بڑی جیت حاصل کی۔ اس سے قبل ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم انگلینڈ کو بھی 234 رنوں سے ہرا چکی ہے۔
بہرحال، جب ہندوستان کی گیندبازی آئی تو یو اے ای کبھی بھی جیت کی طرف بڑھتی دکھائی نہیں دی۔ ہندوستان نے آج اپنے سبھی گیندبازوں کی اچھی پریکٹس بھی کرائی۔ یہ اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ہندوستان نے اپنے 9 گیندبازوں کا استعمال کیا۔ کھلن پٹیل کے علاوہ کسی بھی گیندباز نے پورے 10 اوورس نہیں کیے۔ ویبھو سوریہ ونشی نے بھی 2 اوور گیندبازی کی، جس میں انھوں نے 13 رن دیے۔ یو اے ای نے 53 رن کے اسکور پر ہی 6 وکٹ گنوا دیے تھے، لیکن پرتھوی مدھو کے 50 رن اور ادیش سوری کی ناٹ آؤٹ 78 رنوں کی اننگ کی بدولت یو اے ای ٹیم کسی طرح 199 رنوں تک پہنچ پائی۔
آج ہی کھیلے گئے انڈر-19 ایشیا کپ 2025 کے دوسرے میچ میں پاکستان کا سامنا ملیشیا سے ہوا۔ اس مقابلے میں پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 345 رن بنائے، لیکن ملیشیا کی ٹیم محض 48 رنوں پر محدود رہ گئی۔ پاکستان نے انڈر-19 وَنڈے کرکٹ میں رنوں کی اپنی سب سے بڑی جیت حاصل کی ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ ہندوستان اور پاکستان ایک ہی گروپ میں ہیں۔