سرفراز خان کے لیے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی ٹیم میں شامل ہونے کا اب بھی ہے موقع!

ناگپور ٹیسٹ میں سوریہ کمار تو میدان پر کھیلتے نظر آ سکتے ہیں، لیکن شریئس ایر غالباً نظر نہیں آئیں گے، اگر ایسا ہوا تو ان کی جگہ سرفراز خان کو موقع مل سکتا ہے۔

سرفراز خان، تصویر آئی اے این ایس
سرفراز خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

آسٹریلیا کے خلاف بارڈر-گواسکر ٹرافی کے پہلے 2 ٹیسٹ میچز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان ہو چکا ہے۔ اس ٹیم میں سرفراز خان کو شامل نہ کیے جانے پر کافی ہنگامہ ہو رہا ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب بھی ہندوستانی اسکواڈ میں ان کے شامل ہونے کا موقع ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ شریئس ایر زخمی ہو چکے ہیں اور اگر وہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے پہلے صحت مند نہیں ہوتے ہیں تو گھریلو میچز میں اپنی بلے بازی سے سبھی کو متاثر کرنے والے سرفراز خان کو موقع مل سکتا ہے۔

ویسے ہندوستانی ٹیم میں سوریہ کمار یادو کے علاوہ ایشان کشن ایسے کھلاڑی ہیں جنھیں پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ سوریہ کمار یادو کو چھوٹے فارمیٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اب آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سوریہ کمار یادو کا ڈیبیو طے مانا جا رہا ہے۔ ناگپور ٹیسٹ میں سوریہ کمار تو میدان پر کھیلتے نظر آ سکتے ہیں، لیکن شریئس ایر غالباً نظر نہیں آئیں گے۔ اگر ایسا ہوا تو ان کی جگہ سرفراز خان کو موقع مل سکتا ہے۔


واضح رہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے خلاف 4 ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 9 فروری سے ناگپور میں کھیلا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل کے لحاظ سے یہ سیریز بہت اہم ہے۔ خصوصاً ہندوستانی ٹیم کے لیے، کیونکہ تین میچ جیتنے کی صورت میں فائنل میں انٹری ہو جائے گی۔ اس وقت آسٹریلیا ٹیسٹ چمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر ہے اور اس کا فائنل کھیلنا یقینی مانا جا رہا ہے۔ ہندوستان کو جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے سخت مقابلہ مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔