’ہم خود کو پرسکون رکھنا چاہتے ہیں، لیکن...‘، ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ سے قبل کپتان روہت شرما کا بیان

روہت شرما کا کہنا ہے کہ اتوار کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف ہونے والے میچ کے لیے جنون اپنے عروج پر ہوگا، لیکن ہندوستانی ٹیم کو من چاہا ریزلٹ حاصل کرنے کے لیے پرسکون رہنے کی ضرورت ہے۔

روہت شرما، تصویر آئی اے این ایس
روہت شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ اتوار کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف ہونے والے میچ کے لیے جنون اپنے عروج پر ہوگا۔ حالانکہ وہ ساتھ ہی کہتے ہیں کہ اس درمیان ہندوستانی ٹیم کو من چاہا ریزلٹ حاصل کرنے کے لیے پرسکون رہنے کی ضرورت ہے۔ روہت شرما کا کہنا ہے کہ ’’ہم جانتے ہیں کہ ہر بار پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر ایسا جنون ہوگا، یہ بلاک بسٹر ہوتا ہے۔ لوگ آ کر اس ماحول کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں۔ ظاہر ہے، وہ کرکٹ کا بھی لطف اٹھانا چاہتے ہیں، لیکن ساتھ ہی اسٹیڈیم میں ناظرین، یہاں تک کہ گھر سے دیکھنے والے لوگوں کے لیے جو ماحول ہے، وہ بھی کافی تفریحی ہوتا ہے۔‘‘

ہندوستانی کپتان نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کھلاڑیوں کے لیے یہ بڑا میچ ہے اور ہم اپنی مہم کی شروعات کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی ہم خود کو کافی پرسکون رکھنا چاہتے ہیں اور اس بات پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں کہ ہمیں نجی طور پر کیا کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر لوگ کھیل کے دوران خود کو پرسکون اور صابر رکھ سکتے ہیں تو ہمیں امید کے مطابق ریزلٹ ملے گا۔‘‘


روہت شرما نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی ویب سائٹ سے کہا کہ ہندوستان کو اگر ٹی-20 عالمی کپ جیتنا ہے تو اسے کئی ساری چیزیں درست کرنی ہوں گی۔ ساتھ ہی ان کا ماننا ہے کہ ابھی سے ناک آؤٹ مرحلہ کے بارے میں سوچنا جلدبازی ہوگی۔

پہلی بار آئی سی سی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی کپتانی کر رہے روہت شرما نے کہا کہ ’’کافی وقت سے ہم نے علامی کپ نہیں جیتا ہے۔ مقصد اور سوچ تو عالمی کپ جیتنے کی ہے، لیکن ہم جانتے ہیں کہ وہاں تک پہنچنے کے لیے ہمیں بہت ساری چیزیں صحیح کرنی ہوں گی۔ ہم دھیرے دھیرے قدم آگے بڑھائیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم زیادہ آگے کی نہیں سوچ سکتے۔ آپ ابھی سے سیمی فائنل یا فائنل کے بارے میں نہیں سوچ سکتے۔ آپ کو بس ہر اپوزیشن ٹیم پر دھیان دینا ہے اور ان کے خلاف اچھی تیاری کرتے ہوئے اپنا بہترین پرفارمنس دینا ہے۔ ہمیں یہ یقینی کرنا ہے کہ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھیں۔‘‘


واضح رہے کہ گزشتہ کچھ سالوں میں جیت کے مضبوط دعویداروں میں سے ایک ہونے کے باوجود ہندوستان نے 2011 کے بعد سے عالمی کپ خطاب نہیں جیتا ہے۔ 2021 کے ٹی-20 عالمی کپ میں تو ٹیم سیمی فائنل سے پہلے ہی باہر ہو گئی تھی۔ یو اے ای میں کھیلے گئے اس ٹورنامنٹ کی طرح اس بار بھی ہندوستان اپنی مہم کی شروعات پاکستان کے خلاف میچ سے کرے گا۔ اتوار کو ملبورن میں ہونے والے اس میچ کے لیے لوگوں کا جنون اور جوش اپنے عروج پر ہے۔

بہرحال، عالمی کپ میں اپنی کپتانی کو لے کر روہت شرما پرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ویسٹر آسٹریلیا اور آسٹریلیا کے خلاف وارم اَپ میچوں میں حالات سازگار نظر آئے اور اب سبھی کھلاڑی تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ بہت اچھا احساس ہے، ہم (آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف) دو سیریز جیت کر آئے ہیں، لیکن وہ میچ گھر پر تھے۔ آسٹریلیا میں ایک الگ چیلنج ہوگا۔ ہمارے لیے حالات کے موافق ہونا اہم تھا۔ کچھ کھلاڑی پہلے کبھی آسٹریلیا نہیں آئے تھے، اس لیے ہم ماحول میں خود کو ڈھالنے کے لیے یہاں کچھ جلدی آنا چاہتے تھے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔