آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جیڈن سیلز کی سرزنش کی

جیڈن نے آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفری کے رچی رچرڈسن اور آئی سی سی کرکٹ آپریشن محکمہ کی طرف سے منظور سزا کو قبول کیا ہے، اس لئے اس معاملہ میں کوئی باقاعدہ سماعت نہیں ہوگی۔

آئی سی سی، تصویر آئی اے این ایس
آئی سی سی، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

دوبئی: ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز جیڈن سیلز کی کنگسٹن میں جمعرات کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کے لئے میچ حکام نے سرزنش کی ہے۔ سرزنش کے علاوہ ان کے انضباطی ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ گزشتہ 24 مہینوں میں پہلا ڈی میرٹ پوائنٹ ہے۔

گریگری بریتھویٹ، جوئل ولسن، نگیل ڈوگڈ، اور ٹی وی امپائر لیسلی ریزر نے جیڈن پر ضابطہ اخلاف کے لیول ایک کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کرنے کا الزام لگایا جو بین الاقوامی میچ کے دوران ایسی زبان یا اشاروں کا استعمال کرنے سے متعلق ہے جو آوٹ ہونے والے بلے باز کو جارحانہ ردعمل کے لئے اکسا سکتا ہے۔


خیال رہے کہ یہ واقعہ پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن جمعرات کو 70ویں اوور میں پاکستانی بلے باز حسن علی کے آوٹ ہونے کے بعد کا ہے جب جیڈن نے حسن کے لئے نامناسب زبان کا استعمال کیا، جو حسن کو جارحانہ ردعمل کے لئے اکسا سکتا تھا۔

جیڈن نے ان پر لگے الزام اور کووڈ۔19 عبوری کھیل قوانین کے مطابق آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفری کے رچی رچرڈسن اور آئی سی سی کرکٹ آپریشن محکمہ کی طرف سے منظور سزا کو قبول کیا ہے، اس لئے معاملہ میں کوئی باقاعدہ سماعت نہیں ہوگی۔ خیال رہے کہ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول ایک کی خلاف ورزی پر کم از کم سزا سرکاری سرزنش اور زیادہ سے زیادہ سزا پچاس فیصد میچ فیس کا جرمانہ اور انضباطی ریکارڈ میں ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹ جوڑنا ہوتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔