تاریخ کے سنہرے اوراق میں درج ہوا ’وجے ہزارے ٹرافی‘ کا پہلا دن، روہت اور کوہلی سمیت 22 کھلاڑیوں نے شاندار سنچریاں بنائیں
وجے ہزارے ٹرافی کے پہلے دن کوہلی، روہت، ایشان کشن، پڈیکل اور ویبھو شوریہ ونسی جیسے بڑے ناموں نے شاندار اننگز کھیلی، لیکن اصل سرخی اڈیشہ کے ایک غیرمعروف بلے باز سواستک سامل نے ڈبل سنچری بنا کر حاصل کی۔

وجے ہزارے ٹرافی 26-2025 کا پہلا دن مکمل طور سے بلے بازوں کے نام رہا۔ ملک کے مختلف میدانوں پر کھیلے گئے مقابلوں میں گیند باز بے بس نظر آئے اور کئی سارے ریکارڈ بن گئے۔ ایک ہی دن میں 22 بلے بازوں نے سنچریاں اسکور کیں، جس کی وجہ سے اس گھریلو ونڈے ٹورنامنٹ کا پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ اس سے قبل ایک دن میں سب سے زیادہ 19 سنچریاں بنائی گئی تھیں۔ اس تاریخی دن پر وراٹ کوہلی، روہت شرما، ایشان کشن، دیودت پڈیکل اور ویبھو شوریہ ونسی جیسے بڑے ناموں نے شاندار اننگز کھیلی، لیکن اصل سرخی اڈیشہ کے ایک غیرمعروف بلے باز سواستک سامل نے حاصل کر لی۔
15 سال بعد وجے ہزارے ٹرافی میں لوٹے وراٹ کوہلی نے دہلی کی جانب سے کھیلتے ہوئے آندھرا پردیش کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔ وراٹ کوہلی نے 101 گیندوں پر 131 رنوں کی اننگ کھیلی۔ نتیش رانا (77 رن) اور پریانش آریہ (74) رن نے کوہلی کا بخوبی ساتھ نبھایا۔ دہلی نے کوہلی کی سنچری کی بدولت 299 رنوں کا ہدف صرف 37.4 اوورس میں حاصل کر لیا۔ اس سنچری کے ساتھ وراٹ کوہلی نے لسٹ اے کرکٹ میں 16000 رن پورے کر لیے اور یہ مقام سب سے کم اننگ میں حاصل کرنے والے بلے باز بن گئے۔
ممبئی کی جانب سے کھیلتے ہوئے روہت شرما نے بھی سکم کے خلاف 94 گیندوں میں 155 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ اس اننگ میں روہت نے 18 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔ ممبئی نے 237 رنوں کا ہدف 30.3 اوورس میں حاصل کر لیا۔ روہت اور کوہلی کے علاوہ جھارکھنڈ کے لیے کھیلتے ہوئے ایشان کشن نے کرناٹک کے خلاف صرف 39 گیندوں میں 125 رن بنا ڈالے۔ ایشان نے اپنی اننگ میں 7 چوکے اور 14 چھکے لگا کر ٹیم کا مجموعی اسکور 412 رنوں تک پہنچا دیا۔ حالانکہ دیودت پڈیکل کے 147 رنوں کی بدولت کرناٹک نے 412 رنوں کا مشکل ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔
پلیٹ گروپ میں بہار نے اروناچل پردیش کے خلاف تاریخ رقم کر دی۔ بہار نے 6 وکٹ کے نقصان پر 574 رن بنائے، جو لسٹ اے کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔ کپتان شکیب الغنی نے صرف 32 گیندوں میں سنچری اسکور کی، جبکہ نوجوان بلے باز ویبھو شوریہ ونسی نے 84 گیندوں میں 190 رن بنائے۔ ان دونوں کے علاوہ آیو لوہاروکا نے بھی 116 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ بہار نے اپنی اننگ میں مجموعی طور پر 49 چوکے اور 38 چھکے لگائے۔
واضح رہے کہ ان بڑے ناموں کے ساتھ ساتھ ارپت بھٹیورا، رکی بھوئی، یش دوبے، سمر گجر، سنیہل کوتھنکر، شبھم کھجوریا، کشن لنگدوہ، امن مکھڑے، ہمانشو رانا، روی سنگھ، دھرو شوری، فیروزمن جوتن، وشنو ونود اور بپلب سامنترے جیسے نوجوان کھلاڑیوں نے بھی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں اور پہلے ہی دن وجے ہزارے ٹرافی میں تاریخ رقم کر دی۔
ان تمام اننگ کے درمیان اڈیشہ کے 25 سال کے بلے باز سواستک سامل نے سب کی توجہ اپنی طرف مرکوز کر لی۔ انہوں نے سوراشٹر کے خلاف 169 گیندوں میں 212 رن بنائے، اس شاندار اننگ میں 21 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ وہ اڈیشہ کی جانب سے لسٹ اے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بن گئے۔ حالانکہ ان کی ٹیم میچ جیت نہیں پائی، لیکن سامل کی اننگ نے انہیں توجہ کا مرکز بنا دیا۔ مجموعی طور پر وجے ہزارے ٹرافی کا پہلا دن ریکارڈز اور رنوں سے بھرپور رہا، جس نے ٹورنامنٹ کو مزید دلچسپ بنا دیا۔