عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں دیکھنے کو ملیں گی چار جنگیں: سنیل گواسکر

سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ کسی بھی میچ کے اندر کچھ ایسی چھوٹی جنگیں ہوتی ہیں جو میچ کا رخ طے کرتی ہیں۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں بھی ایسا دیکھنے کو ملے گا'

سنیل گواسکر، تصویر آئی اے این ایس
سنیل گواسکر، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ یعنی ڈبلیو ٹی سی کا فائنل میچ 18 جون سے کھیلا جانا ہے، اور تین دن پہلے سے ہی کرکٹ ماہرین کے ساتھ ساتھ شیدائیوں کی بھی دھڑکنیں تیز ہو گئی ہیں۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں انگلینڈ میں زور و شور سے پریکٹس کر رہی ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کی کوشش ہوگی کہ پہلے عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ پر قبضہ جمایا جائے۔ اس درمیان ہندوستان کے سابق مایہ ناز بلے باز سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میچ میں میدان پر چار جنگیں کافی اہم ہوں گی جس پر سبھی کی نظریں رہیں گی۔

دراصل سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ کسی بھی میچ کے اندر کچھ ایسی چھوٹی جنگیں ہوتی ہیں جو میچ کا رخ طے کرتی ہیں۔ ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے ڈبلیو ٹی سی فائنل میں بھی ایسا دیکھنے کو ملے گا۔ سب سے بڑا مقابلہ تو دونوں ہی ٹیموں کے کپتان یعنی وراٹ کوہلی اور کین ولیمسن کے درمیان ہوگا۔ یہ دونوں ہی عالمی درجہ کے بلے باز ہیں اور فائنل میچ میں رن بنانے کے معاملے میں ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کریں گے۔


کوہلی اور ولیمسن کے علاوہ انھوں نے تین مزید جنگوں کے بارے میں بتاتے ہوئے گواسکر نے کہا کہ روہت شرما نے سلامی بازی کے طور پر اپنی شناخت پوری دنیا میں قائم کی ہے اور ان کا فائنل میں اصل مقابلہ ٹرینٹ بولٹ سے ہوگا جو کہ انگلینڈ کے حالات میں بہت اثردار ثابت ہوتے ہیں۔ چونکہ ٹرینٹ بولٹ سلامی گیندباز ہیں، اس لیے روہت کا ان سے شروعاتی گھنٹوں میں ہی سامنا ہوگا۔ گواسکر نے بلے باز چیتیشور پجارا اور گیندباز نیل ویگنار کے درمیان ہونے والے مقابلہ کو بھی اہم قرار دیا کیونکہ ایک طرف جہاں دفاعی کھیل کے لیے مشہور چیتیشور پجارا کی بلے بازی ہندوستانی ٹیم کی مضبوطی کے لیے بہت ضروری ہے، وہیں ویگنار اپنی اٹھتی ہوئی گیندوں سے پجارا کو پریشان کر سکتے ہیں۔

سنیل گواسکر ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میچ میں ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ اور نیوزی لینڈ کے بلے باز ڈیوڈ کانوے کو بھی آمنے سامنے دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان دونوں کے درمیان جنگ کافی دلچسپ ہوگی اور سبھی یہ دیکھنا چاہیں گے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اپنی بلے بازی سے لوگوں کو متاثر کرنے والے ڈیوڈ کانوے جسپریت بمراہ کی گیندوں کا سامنا کس طرح کرتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔