پاکستان کے 10 میں سے 6 مثبت کرکٹرز کا ٹیسٹ اب منفی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ہفتے کے روز کہا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخر زمان، شاداب خان، محمد رضوان اور محمد حسنین کا دوبارہ ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

اسلام آباد: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے پازیٹو پائے گئے 10 میں سے 6 کھلاڑیوں کا دوسرا ٹیسٹ اب منفی ہوگیا ہے جبکہ چار کا کورونا ٹیسٹ مثبت ہی آیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ہفتے کے روز کہا کہ محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخر زمان، شاداب خان، محمد رضوان اور محمد حسنین کا دوبارہ ٹیسٹ منفی آیا ہے۔ جبکہ کاشف بھٹی، حارث رؤف، حیدر علی اور عمران خان ایک بار پھر مثبت ہیں۔ ٹیم کے مساجر یا مالشیہ ملنگ علی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ دوسرے تمام کھلاڑیوں اور معاون عملے کا بھی ٹیسٹ کیا گیا تھا اور ان سب کے نتائج میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور ان سب کو منفی پایا گیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد حفیظ کورونا وائرس 'کووڈ ۔19' کے انفکشن ہونے کی تصدیق کے ایک روز بعد ہی ان کا دوبارہ ٹیسٹ ہوا تھا اور اس کا نتیجہ منفی تھا۔ حفیظ کا نیا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ 39 سالہ کھلاڑی نے گزشتہ بدھ کو کہا تھا کہ وہ پی سی بی کی رپورٹ میں مثبت پایا جانے کے بعد 'دوسری رائے' کے طور پر ٹیسٹ کے لئے گئے تھے اور اس کی رپورٹ منفی آئی۔


عابد علی، اسد شفیق، اظہر علی، بابر اعظم، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، نسیم شاہ، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان اور یاسر شاہ کا دوسرا ٹیسٹ بھی منفی ہوگیا ہے۔

پاکستانی ٹیم 28 جون کو دورہ انگلینڈ کے لئے روانہ ہوگی۔ انگلینڈ پہنچنے کے بعد ٹیم 14 دن تک قرنطین میں رہے گی۔ پاکستان کا پہلا ٹیسٹ اگست میں لارڈز میں کھیلا جانا ہے جبکہ اگلے دو ٹیسٹ مانچسٹر اور ناٹنگھم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ٹی ٹوئنٹی میچز لیڈز، کارڈف اور ساوتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔


اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ 20 کھلاڑیوں اور 11 رکنی اسپورٹ اسٹاف پر مشتمل ٹیم اتوار کی صبح چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے مانچسٹرروانہ ہوگی۔ مانچسٹر پہنچنے کے بعد پاکستانی اسکواڈ وورسٹرشائر روانہ ہوگا جہاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ اسپورٹس سائنسز کے ماہرین اور برطانوی حکومت کے قوانین کے مطابق پی سی بی کے ٹیسٹنگ کے عمل کے دوران اسکواڈ میں شامل جن اراکین کے ٹیسٹ مثبت آئے ہین وہ اتوار کو سفر نہیں کرسکیں گے تاہم جونہی ان کے 2 منفی ٹیسٹ آئیں گے تو انہیں انگلینڈ بھیج دیا جائے گا۔

انگلینڈ روانہ ہونے والا پاکستان کا پہلا گروپ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

اظہر علی (کپتان)، بابراعظم(نائب کپتان)، عابدعلی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔