ٹیسٹ رینکنگ: ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ فائنل سے پہلے ہی ہندوستانی ٹیم کے سر سج گیا ’نمبر وَن‘ کا تاج، آسٹریلیا دوسرے مقام پر

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل میچ 7 جون سے لندن کے ’دی اوول‘ میدان میں کھیلا جائے گا، اس میچ کے لیے دونوں ہی ٹیموں کا اعلان ہو چکا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @BCCI</p></div>

ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @BCCI

user

تنویر

ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل مقابلہ 7 جون کو ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا ہے۔ یعنی ابھی اس مقابلے میں ایک ماہ سے زیادہ کا وقت باقی ہے، لیکن اس سے پہلے ہی ہندوستان کے سر پر ٹیسٹ میں ’نمبر وَن‘ کا تاج سج گیا ہے۔ دراصل آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستانی ٹیم پہلے مقام پر پہنچ گئی ہے اور آسٹریلیا کی بادشاہت ختم ہو گئی ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم گزشتہ 15 ماہ سے ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے مقام پر قابض تھی، لیکن اس مقام پر اب ہندوستان کا قبضہ ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آسٹریلیائی ٹیم دوسرے مقام پر کھسک گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا فائنل میچ 7 جون سے لندن کے ’دی اوول‘ میدان میں کھیلا جائے گا۔ اس میچ کے لیے دونوں ہی ٹیموں کا اعلان پہلے ہی ہو چکا ہے۔ اب جبکہ ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستان نمبر وَن ٹیم بن گئی ہے تو ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں ٹیم کو نفسیاتی فائدہ حاصل ہوگا۔


بہرحال، آئی سی سی کے ذریعہ جاری تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں ہندوستانی ٹیم کو 121 ریٹنگ پوائنٹ ملے ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے 116 ریٹنگ پوائنٹ ہیں۔ انگلینڈ 114 ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ تیسرے مقام پر اور جنوبی افریقہ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں، زمبابوے دسویں مقام پر ہے۔

کئی لوگوں کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہو سکتا ہے کہ ہندوستان نے گزشتہ ماہ کوئی ٹیسٹ ہی نہیں کھیلا تو پھر ٹیم نمبر وَن کیسے بن گئی؟ دراصل آئی سی سی نے جو سالانہ رینکنگ جاری کی ہے اس میں مئی 2020 سے مئی 2022 تک کی سیریز کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم کا ریٹنگ پوائنٹ 121 ہوتا ہے، اور آسٹریلیا کا ریٹنگ پوائنٹ 121 سے گھٹ کر 116 پہنچ گیا ہے۔ نتیجہ کار آسٹریلیا کی ٹیسٹ میں بادشاہت ختم ہو گئی۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان اس وقت صرف ٹیسٹ میں ہی نہیں، بلکہ ٹی-20 کرکٹ کی رینکنگ میں بھی نمبر وَن کی کرسی پر قابض ہے۔ ٹی-20 میں ہندوستانی ٹیم کے 267 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، جبکہ دوسرے مقام پر قابض انگلینڈ کے 259 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ ٹی-20 رینکنگ میں نیوزی لینڈ تیسرے، پاکستان چوتھے اور جنوبی افریقہ پانچویں مقام پر ہے۔

اگر یک روزہ کرکٹ کی رینکنگ پر نظر ڈالی جائے تو یہاں آسٹریلیا کو پہلا مقام حاصل ہے جس کے 113 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ توجہ طلب یہ ہے کہ ہندوستان کے بھی 113 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، لیکن وہ دوسرے مقام پر ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ اس سے پہلے جاری رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے مقام پر تھا۔ یعنی ایک طرح سے دیکھا جائے تو ہندوستانی ٹیم کرکٹ کے تینوں ہی فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم سے پیچھے نہیں ہے۔ وَنڈے رینکنگ میں تیسرا مقام انگلینڈ کو ملا ہے جس کے 111 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ چوتھے اور پانچویں مقام پر بالترتیب پاکستان اور نیوزی لینڈ ہیں جس کے 110-110 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔