ٹینس بال کرکٹ: ایل ایل سی ٹین-10 لیگ کا لکھنؤ میں آج ہوگا آغاز، خطاب پر 12 ٹیموں کی نظر
لکھنؤ واقع کے. ڈی. سنگھ بابو اسٹیڈیم میں شام 6 بجے منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں ویسٹ انڈیز کے سکسر کنگ کرس گیل اور آسٹریلیا کے تیز گیندباز بریٹ لی بھی موجود ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
کرکٹ اور انٹرٹینمینٹ سے دلچسپی رکھنے والے لوگوں کے لیے خوش خبری ہے۔ اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ واقع کے. ڈی. سنگھ بابو اسٹیڈیم میں جمعرات سے ایل ایل سی ٹین-10 کا مہا مقابلہ شروع ہونے جا رہا ہے جس میں 12 ٹیموں کے 204 کھلاڑی ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔ امر اُجالا اور لیجنڈس لیگ کرکٹ کے ذریعہ منعقد ایل ایل سی ٹین-10 کے پہلے سیزن میں 24 مقابلے ہوں گے، جو 13 سے 22 فروری کے درمیان کھیلے جائیں گے۔
شام 6 بجے منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں نوجوانوں کے سامنے ویسٹ انڈیز کے سکسر کنگ کرس گیل اور آسٹریلیا کے تیز گیندباز بریٹ لی بھی موجود ہوں گے۔ اس موقع پر یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک استقبالیہ خطبہ پیش کریں گے۔ تقریب کی شام سوروپ خان اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ تقریب کے بعد لیگ کا پہلا میچ وینکٹیشورا لائنس اور آئی آئی ایم ٹی میرٹھ کے انویڈرس کے درمیان ہوگا۔ ایل ایل سی ٹین-10 کی افتتاحی تقریب کے لیے ملک اور غیر ملک سے سینکڑوں شخصیتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر لیگ کی 12 ٹیموں کے سبھی کھلاڑی، کوچ اور ٹیم مالک اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔
لیگ کی سب سے بڑی کشش فاتح ٹیم کو دی جانے والی انعامی رقم ہے جو 10 لاکھ روپے ہے۔ ساتھ ہی رنر اَپ ٹیم کو بھی 5 لاکھ روپے ملیں گے۔ فائنل میں مَین آف دی سیریز کھلاڑی کو نسان میگنائٹ کار ملے گی۔ لیگ کے ٹاپ 9 کھلاڑیوں کو ایتھر الیکٹرک بائک انعام میں ملے گی۔ لیگ کے اسپانسرز کے ذریعہ خصوصی انعام لیگ میچوں کے نتیجے آنے کے بعد بہترین کھلاڑیوں کو فراہم کیے جائیں گے۔
شروعات میں 3 گروپس میں تقسیم ہوئی 4-4 ٹیمیں گروپ میچ کھیلیں گی۔ پھر ٹاپ-3 کے میچ ہوں گے۔ 21 فروری کو 2 سیمی فائنل ہوں گے جس میں گلوکار جاوید علی موسیقی کا جلوہ بکھیریں گے۔ 22 فروری کو فائنل ہوگا۔ مشہور و معروف گلوکار کیلاش کھیر فائنل میں پرفارمنس دینے والے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا براہ راست نشریات پرسار بھارتی کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم ویبس پر کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔