ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کا عہدہ برقرار، بی سی سی آئی نے کیا اعلان

بی سی سی آئی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ راہل دراوڑ اور ٹیم انڈیا کے سپورٹ اسٹاف (سینئر مین) کے لیے معاہدہ میں توسیع کی گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: بی سی سی آئی نے ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کی مدت کار میں توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اطلاع ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے راہل دراوڑ اینڈ کمپنی کے معاہدے میں توسیع کر دی ہے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ وہ کتنے دنوں تک ٹیم کے ہیڈ کوچ رہیں گے۔ خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے ساتھ ہی راہل دراوڑ اور ان کے بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ اور بولنگ کوچ کی میعاد کار ختم ہو گئی تھی۔

بی سی سی آئی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈ کوچ راہل دراوڑ اور ٹیم انڈیا کے سپورٹ اسٹاف (سینئر مین) کے لیے معاہدہ میں توسیع کر دی گئی ہے۔ بی سی سی آئی نے راہل دراوڑ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی اور حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے بعد ان کے معاہدے کی میعاد کار ختم ہونے کے بعد متفقہ طور پر ان کی مدت میں توسیع پر اتفاق کیا۔ بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ اور بولنگ کوچ پارس مہامبرے کی مدت کار میں بھی توسیع کی گئی ہے۔


بورڈ نے راہل دراوڑ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا اور ہم ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہیں۔ بورڈ نے وی وی ایس لکشمن کی این سی اے کے چیف اور اسٹینڈ ان ہیڈ کوچ کے طور پر ان کے مثالی کرداروں کی بھی تعریف کی۔ اپنی مشہور آن فیلڈ پارٹنرشپ کی طرح، دراوڑ اور لکشمن نے ہندوستانی کرکٹ کو آگے لے جانے کے لیے مل کر کام کیا ہے۔

بی سی سی آئی کے چیئرمین راجر بنی نے کہا ہے کہ راہل دراوڑ کا وژن، پیشہ ورانہ مہارت اور پرعزم کوششیں ٹیم انڈیا کی کامیابی میں اہم ستون ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سکریٹری جے شاہ کا اس توسیع پر کہنا تھا، ’’میں نے ان کی تقرری کے وقت کہا تھا کہ ہیڈ کوچ کا کردار سنبھالنے کے لیے راہل دراوڑ سے بہتر کوئی نہیں ہے اور انہوں نے یہ ثابت کر دیا۔ ہندوستان تمام فارمیٹس میں ایک مضبوط ٹیم ہے اور تینوں فارمیٹس میں ہماری ٹاپ رینکنگ اس کی مثال ہے۔ ورلڈ کپ کی مہم بھی غیر معمولی رہی اور اس کے لیے ہیڈ کوچ تعریف کے مستحق ہیں۔‘‘


کوچ راہل دراوڑ نے کہا، ’’ٹیم انڈیا کے ساتھ پچھلے دو سال انتہائی یادگار رہے ہیں۔ ایک ساتھ مل کر ہم نے اتار چڑھاؤ دیکھا ہے۔ ڈریسنگ روم میں ہم نے جو ثقافت قائم کی ہے اس پر مجھے واقعی فخر ہے۔ یہ ایک ایسی ثقافت ہے جو جیت اور ہار کے لمحات میں بھی لچکدار رہتی ہے۔ ہماری ٹیم جو مہارت اور ٹیلنٹ رکھتی ہے وہ غیر معمولی ہے۔ میں بی سی سی آئی اور عہدیداروں کا مجھ پر بھروسہ رکھنے، میرے وژن کو سپورٹ کرنے اور اس دوران تعاون فراہم کرنے کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔