ٹیم انڈیا کی نظریں ایشیا کپ کے 9ویں خطاب پر، کھلاڑی بہترین کارکردگی کے لیے تیار
ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات کے دو شہروں دبئی اور ابو دھابی میں کھیلا جائے گا۔ ٹیم انڈیا اب تک 8 مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔ اس بار ایشیا کپ ٹی-20 فارمیٹ میں ہونے والا ہے۔

ٹیم انڈیا اس وقت کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں زبردست کھیل مظاہرہ کر رہی ہے۔ حال ہی میں انگلینڈ میں ختم ہوئی تندولکر-اینڈرسن ٹرافی میں شبھمن گل کی قیادت میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیسٹ سیریز کو 2-2 سے ڈرا کرا دیا۔ انگلینڈ دورے کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں کو کچھ دنوں کا آرام ملا ہے، جس کے بعد وہ اگلے ٹورنامنٹ کے لیے تیاریوں میں لگ جائیں گے۔
ٹیم انڈیا کو اب اگلے مہینے ایشیا کپ میں حصہ لینا ہے، جس کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات کے دو شہروں دبئی اور ابو دھابی میں کھیلا جائے گا۔ یہ ایشیا کپ کا 17واں انعقاد ہے۔ ٹورنامنٹ میں ایک بار پھر سب کی نظریں ہندوستانی ٹیم پر ہوگی جو اس ٹورنامنٹ کو اب تک 8 مرتبہ جیت چکی ہے اور وہ ایشیا کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم ہے۔ سوریہ کمار یادو کی قیادت والی ٹیم انڈیا اس بار بھی ایشیا کپ خطاب کی مضبوط دعویدار مانی جا رہی ہے۔
ہندوستانی ٹیم نے 1984، 1988، 91-1990، 1995، 2010، 2016، 2018 اور 2023 میں ایشیا کپ خطاب جیتا ہے۔ اگر پڑوسی ملک کی بات کریں تو سری لنکا نے اب تک 6 مرتبہ ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کیا ہے جبکہ پاکستان صرف 2 مرتبہ ہی ایشیا کپ کا چمپئن بن سکا ہے۔ سری لنکائی ٹیم نے 1986، 1997، 2004، 2014 اور 2022 میں یہ ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ وہیں پاکستان نے 2000 اور 2012 میں ایشیا کپ جیتا تھا۔ ایشیا کی دوسری ٹیمیں بنگلہ دیش اور افغانستان ابھی تک اس خطاب سے محروم ہیں یعنی اس ٹورنامنٹ میں صرف ہندوستان، سری لنکا کا ہی بول بالا ہے۔
ایشیا کپ کی تاریخ کی بات کی جائے تو اس کا پہلا انعقاد 1984 میں یو اے ای میں ہوا تھا۔ تب ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر خطاب پر قبضہ کیا تھا۔ گزشتہ ٹورنامنٹ 2023 میں پاکستان اور سری لنکا میں ہوا تھا جہاں ٹیم انڈیا چمپئن بنی تھی۔
ایشیا کپ 2025 میں ہندوستانی ٹیم کو پاکستان، یو اے ای اور عمان کے ساتھ گروپ-اے میں رکھا گیا ہے جبکہ سری لنکا، افغانستان، بنگلہ دیش اور ہانگ کانگ گروپ-بی میں ہیں۔ دونوں گروپ سے 2-2 ٹیمیں سپر 4 اسٹیج میں پہنچیں گی۔ پھر سپر-4 اسٹیج میں ٹاپ-2 پر رہنے والی ٹیموں کے درمیان خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ایشیا 2025 ٹی-20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ 2016 اور 2022 میں بھی یہ ٹورنامنٹ ٹی-20 فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا۔ باقی کے ٹورنامنٹ یک روزہ فارمیٹ میں تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔