کولکاتا ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کی شاندار جیت، بنگلہ دیش کو اننگ اور 46 رنوں سے شکست

بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 106 رن بنائے تھے جبکہ ہندوستان نے 347 رن بناکر پہلی اننگز میں 241 رن کی برتری حاصل کرلی۔ مہمان ٹیم دوسری اننگز 41.1 اووروں میں 195 رن پر سمٹ گئی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کولکاتا: دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندوستان نے تیز گیند بازوں امیش یادو (53 رن پر پانچ وکٹ) اور ایشانت شرما (56 رن پر چار وکٹ) کی شاندار گیند بازی سے بنگلہ دیش کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے ہی دن پہلے سیشن میں اننگز اور 46 رنوں سے شکست دیکر لگاتار چار ٹسٹ اننگز سے جیتنے کا نیاعالمی ریکارڈ بنا لیا ہے۔ ہندوستان نے اس سیریز کو 2۔0 سے کلین سوئپ کیا۔

کولکاتا کے ایڈن گارڈ پر گلابی گیند سے کھیلے گئے دونوں ٹیموں کے پہلے تاریخ ڈے-نائٹ ٹسٹ کو جیت کر ٹیم انڈیا نے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں 106 رن بنائے تھے جبکہ ہندوستان نے 347 رن بناکر پہلی اننگز میں 241 رن کی برتری حاصل کرلی۔ مہمان ٹیم دوسری اننگز 41.1 اووروں میں 195 رن پر سمٹ گئی۔


ہندوستان کی اننگز سے لگاتار یہ چوتھی جیت ہے اور وہ اس کارنامے کو انجام دینے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ سے آخری دو ٹسٹ اننگز سے اور اب بنگلہ دیش سے دو ٹسٹ اننگز سے فتح حاصل کرلی ہے۔ ہندوستان نے اب لگاتار سات ٹسٹ جیت لئے ہیں جبکہ اس نے اس کے ساتھ ہی سیریز کلین سوئپ کی ہیٹ ٹرک بھی کرلی ہے۔ ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو 2۔0 سے، جنوبی افریقہ کو 3۔0 سے اور بنگلہ دیش کو 2۔0 سے ہرایا۔ وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا کی یہ 33 ویں جیت ہے اور وہ دنیا کے پانچویں سب سے کامیاب کپتان بن گئے ہیں۔ ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو پونے میں اننگز اور 137 رن سے اور رانچی میں اننگز اور 202 رن سے اور بنگلہ دیش کو اندور میں اننگز اور 130 رن سے اور کولکتہ میں اننگز اور 46 رن سے شکست دی۔

بنگلہ دیش نے کل کے چھ وکٹ پر 152 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور مشفق الرحیم نے 59 رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ بنگلہ دیش کے باقی وکٹ 43 رن کا اضافہ کر کے گر گئے۔ امیش نے آج کے سبھی تین وکٹ لئے اور میچ میں آٹھ وکٹ پورے کئے۔ ایشانت نے دوسری اننگز میں چار وکٹ لئے اور ان کے میچ میں نو وکٹ رہے۔ کل ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے محموداللہ پھر بلے بازی کرنے نہیں اترے اور ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔


امیش نے عبادت حسین کو کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں دیا۔ امیش نے مشفق کو ٹیم کے 184 کے اسکور پر آؤٹ کرکے ہندوستان کی اننگز سے جیت کا راستہ ہموار کر دیا۔ مشفق نے یک طرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 96 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 74 رن بنائے۔ امیش نے الامین حسین کو آؤٹ کرکے بنگلہ دیش کی اننگز کا اختتام 195 رن پر کر دیا۔ الامین نے 20 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 21 رن بنائے۔

میچ میں نو وکٹ لینے والے ایشانت کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔ ایشانت نے اس میچ میں پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں چار وکٹ لئے۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں نے اس میچ میں 19 وکٹ حاصل کئے۔ ہندوستانی ٹیسٹ تاریخ میں تیز گیند بازوں کے 19 وکٹ لینے کا یہ دوسرا موقع ہے۔ اس سے پہلے 2018 میں ہندوستانی تیز گیند بازوں نے ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف 19 وکٹ لئے تھے۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں نے 2017۔18 میں جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں سبھی 20 وکٹ لئے تھے۔


ہندوستان کے لئے گھریلو ٹیسٹ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کسی میچ میں اسپنروں نے کم سےکم ایک گیند پھینکی ہے لیکن پورے میچ میں اسپنروں کو کوئی وکٹ نہیں ملا ہے۔ اس میچ میں تیز گیند بازوں کے 19 وکٹ کسی گھریلو ٹیسٹ میں ہندوستان کے سب سے زیادہ وکٹ ہیں۔ اس سے پہلے ہندوستانی تیز گیند بازوں نے 2017۔18 میں ایڈن گارڈن میں ہی سری لنکا کے خلاف 17 وکٹ حاصل کئے تھے۔

میچ کے ایوارڈ تقسیم کی تقریب میں ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے صدر سورو گنگولی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم الحسن موجود تھے۔ انہوں نے گلابی گیند سے پہلا ڈے نائیٹ ٹیسٹ جیتنے والی ہندوتانی ٹیم کو مبارک باد دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */